گلگت بلتستان اسمبلی سے لینڈ ریفارمز ایکٹ کی منظوری عوام کے دیرینہ خواب کی تعبیر ہے ،سعدیہ دانش

بدھ 21 مئی 2025 21:20

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2025ء) ڈپٹی اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی و سیکرٹری اطلاعات پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان سعدیہ دانش نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان اسمبلی سے لینڈ ریفارمز ایکٹ کی منظوری گلگت بلتستان کے عوام کے ایک دیرینہ خواب کی تعبیر ہے ۔آج گلگت بلتستان اسمبلی میں اہم قانون سازی کے ذریعے خالصہ سرکار کے کالے قانون کا خاتمہ کرکے گلگت بلتستان کے عوام کو حق مالکیت دی گئی ہے۔

اس قانون کی منظوری سے جنگلات، دریا ،پہاڑبنجر اراضی اور دیگر زمینوں کو عوام کی ملکیت میں دیا گیا ہے، جو کہ ایک انقلابی اقدام ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوامی حقوق کی جدوجہد کی ہے، اور حقِ ملکیت کی تحریک بھی پاکستان پیپلز پارٹی ہی نے شروع کی تھی۔

(جاری ہے)

حق ملکیت کی تحریک شروع کرنے اور آسکو کامیاب بنانے میں ہمارے صوبائی صدر امجد حسین ایڈووکیٹ کا کردار کلیدی رہا ہے۔

ہماری جماعت نے حق ملکیت کے مطالبے کو اپنے الیکشن منشور کا حصّہ بنایا تھا جسے آج ہم نے اسمبلی میں دیگر جماعتوں کے ساتھ مل کر لینڈ ریفارمز ایکٹ کی منظوری کے ذریعے پورا کیا، اور آج الحمدللہ ہم اپنے وعدے کی تکمیل پر فخر محسوس کرتے ہیں۔اس تاریخی کامیابی پر میں گلگت بلتستان کے عوام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ یہ ہماری اجتماعی کاوش، عوامی جدوجہد اور پیپلز پارٹی کی اصولی سیاست کا نتیجہ ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی عوامی طاقت پر یقین رکھتی ہے، اور ہم ہمیشہ عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ اور خطے کی ترقی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔