بھارتی ائیر لائن انڈیگو کی دہلی سے سرینگر پرواز خراب موسم اورژالہ باری سے متاثر، پائلٹ کاہنگامی حالت کا اعلان

بدھ 21 مئی 2025 22:10

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2025ء) بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی سے سرینگر کے لیے روانہ ہونے والی بھارتی ائیر لائن انڈیگو کی پرواز کو دوران پرواز خراب موسم اورژالہ باری کا سامنا کرنا پڑ ا جس کی وجہ سے پائلٹ نے ہنگامی حالت کا اعلان کردیا۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اندراگاندھی ائیر پورٹ سے مقامی وقت کے مطابق 4بجکر 25منٹ پر سرینگر کیلئے روانہ ہونے والی انڈیگو کی پرواز 6E2142پر 227مسافرسوار تھے۔

(جاری ہے)

طیارے کو فضا میں خراب موسم اورژالہ باری کاسامنا کرنا پڑا جس کی وجہ سے مسافروں میں شدید خوف پھیل گیا۔ پائلٹ نے سرینگر ائیر پورٹ پر لینڈ کرنے سے قبل ہنگامی حالت کا اعلان کردیا۔ طیارے کو سرینگر لینڈ کرنے کے بعد گرائونڈ کر دیاگیاہے جس سے ظاہرہوتا ہے کہ طیارے کو نقصان پہنچا ہے ۔ مسافروں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغامات میں کہاکہ انہوں نے موت کو انتہائی قریب سے دیکھاہے اور انہیں زندہ بچنے کی کوئی امید نہیں تھی۔