Live Updates

میرواعظ عمر فاروق گھر میں نظربند،قابض انتظامیہ نے مزار شہدا عیدگاہ سرینگر جانے سے روک دیا

بدھ 21 مئی 2025 22:10

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2025ء) مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی قابض انتظامیہ نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماء میر واعظ عمر فاروق کو مزار شہدا عیدگاہ سرینگرجانے کی اجازت نہیں دی اور گھر میں نظربند کردیا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق ممتاز آزادی پسند رہنمائوں میرواعظ مولوی محمد فاروق ، خواجہ عبدالغنی لون اور شہداء حول کو خراج عقیدت پیش کرنے اورفاتحہ خوانی کیلئے مزار شہدا عیدگاہ سرینگر جانا چاہتے تھے تاہم قابض انتظامیہ نے انہیں میں نظربند کردیا۔

میر واعظ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پیغام میں قابض انتظامیہ کے اس اقدام کی شدید مذمت کی ۔انہوں نے میرواعظ مولوی محمد فاروق، خواجہ عبدالغنی لون اور شہدائے حول کو آج ان کے یوم شہادت پر زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ 21مئی کی دردناک یادیں ایک بار پھر تازہ ہو رہی ہیں۔

(جاری ہے)

35برس گزرنے کے باوجودمیر واعظ مولوی فاروق کی شہادت سے پیدا ہونے والا خلا آج بھی شدت سے محسوس ہورہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان دونوں رہنمائو ں کے سیاسی وژن اور مسئلہ کشمیر کے پرامن مذاکرات کے ذریعے حل پر یقین کو آج دنیا ایک بار پھر خطے میں امن و استحکام کے واحد راستے کے طور پر تسلیم کر رہی ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی بھارت مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کیلئے سنجیدگی کا مظاہرہ کرے گا۔

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات