تلہ گنگ ،الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایت کی روشنی میں ڈسٹرکٹ ووٹرز ایجوکیشن کمیٹی کا اجلاس

جمعرات 22 مئی 2025 17:06

تلہ گنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2025ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایت کی روشنی میں تلہ گنگ ڈسٹرکٹ ووٹرز ایجوکیشن کمیٹی کا اجلاس دفتر ضلعی الیکشن کمشنر میں منعقد ہوا ، جس کی صدارت ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر تلہ گنگ خالد محمود نے کی۔اجلاس میں سیدضیاء ہمدانی(اسسٹنٹ ڈائریکٹرنادراضلع تلہ گنگ) ،محمد سلیم اقبال (دفترازسوشل ویلفیئر ضلع تلہ گنگ)اور خواتین نے شرکت کی۔

خواتین کومعاشرے میں مردوں کے مساوی اہمیت دینے اور ان کے شناختی کارڈ اور ووٹ کے اندراج کو یقینی بنانےکے حوالے سے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر/ کنوینیئرDVEC کمیٹی نے شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ہر خاتون کو قومی یا مقامی انتخابات میں حصہ لینے اور اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کا حق ہے اس لئے خواتین کو ووٹ کے اندراج کے حوالے سے قائل کیا جائے تاکہ وہ قومی خدمات میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزیدگفتگو کرتے ہوئےکہا کہ کچھ خواتین رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے کے بعد اپنے شناختی کارڈ پر موجودہ پتہ تبدیل نہیں کرواتیں اور ان کا ووٹ اُن کے سابقہ پتے پرہی رہتا ہے جس کی وجہ سے انہیں انتخابات میں کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہیں چاہیے کہ شادی کے فوری بعد اپنا پتہ درست کروا لیا کریں۔محکمہ سوشل ویلفیئرکے نمائندے نے مختلف این جی اوز کے ذریعے آگاہی مہم چلانے کی تجویز پیش کی جبکہ اسسٹنٹ ڈائریکٹرنادرا،ضلع تلہ گنگ نے بات کرتے ہوئے کہا کہ نادرا آفس تلہ گنگ خواتین کے کارڈ کے اجراء،تجدید یا متبادل کارڈ کے اجراء کے حوالے سے اہم کردار ادا کررہا ہے۔\378