Live Updates

وفاقی وزیراحد چیمہ سے عالمی بینک کی مینجنگ ڈائریکٹر آپریشنز کی ملاقات، کنٹری شراکت داری فریم سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال

جمعرات 22 مئی 2025 19:35

وفاقی وزیراحد چیمہ سے عالمی بینک کی مینجنگ ڈائریکٹر آپریشنز کی ملاقات، ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2025ء)وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ سے ورلڈ بینک کی مینجنگ ڈائریکٹر آپریشنز اینا بیجرڈی سے انتہائی اہم اور نتیجہ خیز ملاقات ہوئی۔ اس ملاقات میں دونوں فریقین کی جانب سے کنٹری شراکت داری فریم ورک کے تناظر میں ممکنہ شعبوں اور پہلے سے جاری مختلف منصوبوں کے آپریشنز بہتر بنانے کیلئے مختلف اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیر احد چیمہ نے پاکستان کے ترقیاتی ایجنڈے کی تکمیل کیلئے عالمی بینک کی مسلسل حمایت کو سراہا۔ انہوں نے بینک کے کنٹری آفس کے تعاون اور بلخصوص سبکدوش ہونے والے کنٹری ڈائریکٹر ناجی بینہسین کے کرادر کی تعریف کی۔ احد چیمہ نے پائیدار میکرواکنامک استحکام کے حصول کے لئے جاری لیے جامع اقتصادی اصلاحات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مختصر عرصے میں حکومت پاکستان نے قابل ذکر معاشی اقدامات اٹھائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان غیر متزلزل کی کامیابی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ آئی ایم ایف کا ایکسٹینڈڈ فنڈ فسیلٹی (ای ای ایف) پروگرام کامیابی سے جاری ہے اور عالمی ایجنسی فچ کی جانب سے ہماری کریڈٹ ریٹنگ میں اضافہ کیا گیا ہے۔ ایم ڈی اینا بیجرڈی نے کہا کہ عالمی بینک آئی ایم ایف کے ساتھ پروگرام کو کامیاب کرنے کے لئے حکومت پاکستان کی کاوشوں کو سراہتا ہے۔

انہوں نے سی پی ایف کو عالمی بینک کے دیگر ممبر ممالک کے لئے ایک ماڈل قراردیتے ہوئے کہا کہ اس کو آگے بڑھانے میں وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر احد چیمہ قابل تعریف کرادر ادا کررہے ہیں۔ دونوں فریقین اس بات پر متفق ہیں کہ سی پی ایف پر عملدرآمد کے لئے جلد ہی ایک موثر حکمت عملی بنائے جائے گی تاکہ اس کے مثبت نتائج برآمد ہوں۔ وفاقی وزیر احد چیمہ نے ملاقات میں اس بات پر زور دیا کہ عالمی بینک صوبوں میں سماجی تحفظ کے پروگرامز میں بھی تعاون بڑھائے۔

اس کے علاوہ احد چیمہ نے توانائی کے شعبے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ عالمی بینک کی معاونت سے توانائی کے شعبے میں بہتری لانا چاہتے ہیں تاکہ عام عوام کو سستی بجلی مل سکے۔ ایم ڈی اینا بیجرڈی نے اہم شعبوں میں عالمی بینک کے تعاون اور تکنیکی مدد کی یقین دہانی کرائی۔ وفاقی وزیراور ایم ڈی نے اس بات پر اتفاق کیا کہ جاری منصوبوں میں نجی سیکٹر کو مزید سازگار ماحول فراہم کرنے لے لئے تعاون جاری رکھیں گے۔ ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقین نے مثبت نتائج پر مبنی شراکت داری کے لئے عزم کا اظہار کرتے ہوئے اعادہ کیا کہ پاکستای عوام کو سہولیات مہیا کرنے میں کردار ادا کرتے رہیں گے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات