Live Updates

سردار عتیق کا شہباز شریف کے دورہ مظفر آباد کا خیر مقدم

بھارتی جارحیت کے شہداء و زخمیوں کو وفاقی پیکیج میں شامل کرنے پر وزیراعظم پاکستان کے شکر گزار ہیں، سابق وزیراعظم آزاد کشمیر

جمعرات 22 مئی 2025 20:29

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2025ء) آل جموں وکشمیرمسلم کانفرنس کے صدر وسابق وزیراعظم سردارعتیق احمدنے وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان میاں شہباز شریف کادورہ مظفرآبادکاخیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کے دورے سے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں ۔انڈین فائرنگ میں آزادکشمیر کے شہداء اور زخمیوں کو وفاقی پیکج میں شامل کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔

ہمارے مطالبے پر چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے پروزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف اور کابینہ کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے آرمی چیف کی دفاع وطن کیلئے گراں قدر خدمات اور آپریشن بنیان مرصوص کے ذریعے خطے میں طاقت کے توازن کو قائم کرنے کیلئے اقدامات پر انہیں فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دی گئی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہارانہوں نے وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پوری کشمیری قوم کو آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر اور انکی قیادت میں اپنی بہادر افواج کے غازیان و شہدا اور ان کے اہل خانہ پر فخر ہے۔پاکستان نے بھارت کو جواب دیا تو پوری دنیا کو بتایا، افواج پاکستان نے ثابت کیا کہ ہمیں اپنی سرحدوں کی حفاظت کرنی آتی ہے، پاکستان محفوظ ہاتھوں میں ہے۔

آپریشن بنیان مرصوص نہ صرف ایک بڑی عسکری کامیابی ہے بلکہ اس نے پاکستان کی دفاعی صلاحیت اور قومی عزم کا بھرپور مظاہرہ بھی کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف کادورہ مظفرآباد نیک شگون ہے جس سے اس پار کشمیریوں میں بھی مثبت پیغام گیا ہے۔ وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف کا پاک بھارت کشیدگی میں جو کردار تھا وہ لائق تحسین ہے جسے کشمیری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔میاں شہباز شریف کا مسئلہ کشمیر کے حوالے سے واضح اور دو ٹوک موقف پر پوری کشمیری قوم ان کی شکرگزار ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاک بھارت کشیدگی اس وقت تک ختم نہیں ہوسکتی جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہو جاتا ہے۔مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیرجنوبی ایشیاء میں امن کا قیام ممکن نہیں ہوسکتا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات