Live Updates

پاکستان کا بھارت کو منہ توڑ جواب،مقبوضہ کشمیر میں پوسٹر چسپاں

جمعرات 22 مئی 2025 20:29

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2025ء)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں پوسٹر چسپاں کیے گئے ہیں جن میںپاکستانی پرچم اور فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر اور رافیل سمیت بھارتی جنگی طیاروں کو مار گرانے والیJ-10C لڑاکا طیارے کی تصاویر موجود ہیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ’’آپریشن بنیان مرصوص‘ کے سلسلے میں یہ پوسٹرز سری نگر اوردیگرعلاقوں میں دیواروں، ستونوں اور کھمبوں پر چسپاں کیے گئے ہیں۔

پوسٹروں کے ذریعے مظلوم کشمیریوںکے ساتھ بھر پور اظہار یکجہتی اور انکی جدوجہد کی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا گیا ۔پوسٹروں میں لکھا ہے ’’پاکستان زندہ باد، بھارتی فوجی جارحیت پر پاکستان کے منہ توڑ جواب نے کشمیریوں کے دل جیت لیے ہیں، مکمل پیشہ ورانہ مہارت سے لیس پاکستان کی مسلح افواج تعریف کی مستحق ہیں، پاک افواج نے بھارتی فوجی صلاحیت کا پول کھول دیا ہے۔

(جاری ہے)

‘‘ان میں مزید تحریر ہے ’’کشمیری اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک وہ بھارتی قبضے سے آزادی حاصل نہیں کر لیتے، پاکستان نے بھارت کے فرقہ وارانہ اور توسیع پسندانہ ایجنڈے کو ناکام بنایا ہے ،خطے کے امن پسندملکوں کو علاقائی بالادستی اور فرقہ وارانہ تسلط کے بی جے پی آر ایس ایس کے منصوبے کو ختم کرنے پر پاکستان کامشکور ہونا چاہیے، پاکستان نے جنوبی ایشیا میں طاقت کا توازن بحال کیا ہے ‘‘۔پوسٹر سماجی رابطوں کی سائٹوں فیس بک، ایکس وغیرہ پر بھی اپ لوڈ کیے گئے ہیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات