بھارت :مسلمانوں کیخلاف مودی حکومت کا بلڈوزر آپریشن، 7ہزار گھر مسمار

جمعرات 22 مئی 2025 22:10

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2025ء) بھارت میں مودی سرکار نے پاکستان کے ہاتھوں شرمناک شکست کے بعد ملک میں مسلمانوں کے خلاف بلڈوزر آپریشن تیز کر دیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ہزاروں مسلمانوں کے گھروں کو غیرقانونی قرار دے کر مسمار کیا جا رہا ہے جبکہ ان افراد کے گھروں پر بلڈوزر چلا کر انہیں کھلے آسمان تلے بے یارومددگارچھوڑ دیا گیا ہے۔

بین الاقوامی نشریاتی ادارے ٹی آر ٹی کی رپورٹ کے مطابق مودی سرکار نے ریاست گجرات کے شہر احمد آباد کے علاقے چندولا تالاب میں مسلمانوں کے مکانات پر بلڈوزرچلایا ہے ۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ 7ہزار سے زائد مسلمانوں کے گھروں کو زبردستی خالی کرا کرملبے کا ڈھیر بنا دیاگیاہے۔ حیران کن طور پر انہی علاقوں میں موجود ہندوئوں کے مکانات کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی اور وہ مکمل طور پر محفوظ ہیں۔

(جاری ہے)

مودی حکومت اس آپریشن کو غیرقانونی بنگلہ دیشی باشندوں کے خلاف قرار دے رہی ہے، تاہم ناقدین کا کہنا ہے کہ یہ مسلمانوں کو سیاسی طورپرانتقام کا نشانہ بنانے کی مہم کا حصہ ہے۔ دفاعی اور سیاسی ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ نریندر مودی ایک بار پھر گجرات کے2002 جیسے فسادات کو دہرانے کی تیاری کر رہا ہے۔20مئی کو مسمار کیے گئے گھروں میں ایک عام شہری محمد چاند کا گھر بھی شامل تھا، جو بار بار انصاف کی دہائی دیتا رہا، مگر کوئی شنوائی نہ ہوئی۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ محض تجاوزات کے خلاف کارروائی نہیں بلکہ بھارت میں ہندوتوا انتہا پسندی کے فروغ اور مسلمانوں کے خلاف ریاستی جبر کا کھلا مظاہرہ ہے۔