جنرل سید عاصم منیر کو اللہ تعالیٰ نے بے مثال خوبیوں سے نوازا ہے،بشارت خان مغل

افواج پاکستان نے ثابت کیا ہمیں اپنی سرحدوں کی حفاظت کرنی آتی ہے، پاکستان محفوظ ہاتھوں میں ہے

جمعہ 23 مئی 2025 14:20

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2025ء)ممبرضلع کونسل یونین کونسل انوار شریف حلقہ لچھراٹ بشارت خان مغل نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی پر دلی مبارکباد دی اور کہا کہ آرمی چیف نے معرکہ حق کے دوران آپریشن بنیان مرصوص میں اپنی قائدانہ اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا۔

انہوں نے کہا کہ جنرل سید عاصم منیر کو اللہ تعالیٰ نے بے مثال خوبیوں سے نوازا ہے، آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی میں ان کی دلیری، استقامت اور دانشمندی کا کلیدی کردار تھا۔آرمی چیف کی دفاع وطن کیلئے گراں قدر خدمات اور آپریشن بنیان مرصوص کے ذریعے خطے میں طاقت کے توازن کو قائم کرنے کیلئے اقدامات پر انہیں فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دی گئی پوری کشمیری قوم کو آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر اور انکی قیادت میں اپنی بہادر افواج کے غازیان و شہدا اور ان کے اہل خانہ پر فخر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے نوجوان ملکی دفاع میں ہمیشہ ہر اول دستے کا کردار ادا کرتے رہے ہیں۔ ہمیں دشمن کی سازشوں کا بخوبی ادراک ہے اور پوری قوم متحد ہے۔ معرکہ حق میں عوام اور افواجِ پاکستان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔بھارت ہماری خاموشی کو کمزوری سمجھ رہا تھا، بھارتی جارحیت میں ہمارے معصوم بچے اور نہتے شہری شہید ہوئے، شہدا کی وطن کیلئے قربانی کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔

پاکستان نے بھارت کو جواب دیا تو پوری دنیا کو بتایا، افواج پاکستان نے ثابت کیا کہ ہمیں اپنی سرحدوں کی حفاظت کرنی آتی ہے، پاکستان محفوظ ہاتھوں میں ہے۔آپریشن بنیان مرصوص نہ صرف ایک بڑی عسکری کامیابی ہے بلکہ اس نے پاکستان کی دفاعی صلاحیت اور قومی عزم کا بھرپور مظاہرہ بھی کیا ہے