Live Updates

صدر مملکت سے آئی ایم ایف کے وفد کی ملاقات، معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال

آئی ایم ایف پروگرام پاکستان میں معاشی استحکام لانے میں مددگار ثابت ہوا، اس پروگرام سے ملک میں معاشی ترقی کو فروغ حاصل ہوگا، صدر مملکت

جمعہ 23 مئی 2025 17:54

صدر مملکت سے آئی ایم ایف کے وفد کی ملاقات، معاشی صورتحال پر تبادلہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2025ء)صدر مملکت آصف علی زرداری سے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے وفد نے جہاد اظہور کی قیادت میں ملاقات کی جس میں پاکستان کی معاشی صورتحال، جاری آئی ایم ایف پروگرام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری سے آئی ایم ایف وفد کی ملاقات کے دوران وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب، سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

ملاقات میں پاکستان کی معاشی صورتحال، جاری آئی ایم ایف پروگرام پر تبادلہ خیال کیا گیا، صدر مملکت نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام پاکستان میں معاشی استحکام لانے میں مددگار ثابت ہوا، اس پروگرام سے ملک میں معاشی ترقی کو فروغ حاصل ہوگا۔صدر مملکت نے پاکستان کی معاشی ترقی میں آئی ایم ایف کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف، ترقی پزید ممالک کی اقتصادی ترقی میں کردار ادا کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

آئی ایم ایف وفد نے پاکستان میں معاشی اصلاحات اور عالمی مالیاتی ادارے کے پروگرام پر اظہارِ اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے لیے آئی ایم ایف کا پروگرام درست سمت میں گامزن ہے۔وفد نے د کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام سے پاکستان میں افراطِ زر، زرمبادلہ کے ذخائر اور مالیاتی خسارے میں استحکام لانے میں مدد ملی۔صدر مملکت نے پاکستان کے ساتھ تعاون کرنے پر عالمی مالیاتی ادارے کا شکریہ ادا کیا اور معیشت کی بہتری کے لیے وزارتِ خزانہ اور اس کی ٹیم کے اقدامات کو سراہا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات