Live Updates

عالمی برادری تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے فوری مداخلت کرے ،بھارت پر دبائو بڑھائیں، حریت کانفرنس

جمعہ 23 مئی 2025 18:50

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2025ء) بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس نے اقوام متحدہ اور عالمی امن اور آزادی پسند ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق دیرینہ تنازعہ کشمیر کے فوری حل کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائیں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں حریت رہنمائوں کے ایک اجلاس کے بعد جاری بیان میں اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے تنازعہ کشمیر کے حل میں مدد کی اپیل کی ہے۔

انہوں نے غیر قانونی طور پر نظر بند حریت رہنمائوں بشمول مسرت عالم بٹ، محمد یاسین ملک، شبیر احمد شاہ، آسیہ اندرابی، ناہیدہ نسرین، فہمیدہ صوفی، نعیم احمد خان، ایاز اکبر، پیر سیف اللہ، معراج الدین کلوال، شاہد الاسلام، سید شاہدیوسف شاہ، سید شکیل یوسف شاہ،، مشتاق الاسلام، بلال صدیقی، مولوی بشیر عرفانی، امیر حمزہ، ڈاکٹر حمید فیاض، عبدالاحمد پرہ، نور محمد فیاض، حیات احمد بٹ، شوکت حکیم، ظفر اکبر بٹ، فردوس احمد شاہ، ڈاکٹر محمد قاسم فکتو، ڈاکٹر محمد شفیع شریعتی ، ڈاکٹر محمد شفیع بٹ، ظہور احمد بٹ، شکیل احمد یتو، عمر عادل ڈار، محمد یاسین بٹ، فیاض حسین جعفری، عادل سراج زرگر،انسانی حقوق کے علمبردارخرم پرویز، احسن اونتو اور صحافی عرفان مجید اور دیگر کی رہائی کا مطالبہ کیا جو بھارت اورمقبوضہ کشمیر کی مختلف جیلوں میں قید ہیں۔

(جاری ہے)

حریت ترجمان نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے اپیل کی کہ وہ تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے اقدامات کریں اور کشمیریوں کوانکا ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت دلوایں جس کی ضمانت انہیں عالمی ادارے کی قراردادوں میں فراہم کی گئی ہے ۔اجلاس میں شامل حریت رہنماﺅںنے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ بھارتی حکومت کی ط سے کشمیریوں پر ظلم وتشدد، فوجی محاصرے اور لائن آف کنٹرول پر کشیدگی اورسندھ طاس معاہدے معطلی سمیت بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے ، جس کی وجہ سے کشمیریوں کو سیاسی، سماجی اور معاشی طورپر مشکلات کاسامنا ہے ۔

اجلاس میں اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ فوجی انخلاء، آرمڈ فورسز اسپیشل پاورز ایکٹ اور پبلک سیفٹی ایکٹ جیسے کالے قوانین کی منسوخی کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائے۔حریت ترجمان نے عالمی اداروں سے کہاکہ وہ تنازعہ کشمیر کو اس کے تاریخی تناظر میں حل کرنے کیلئے بھارت پر دبائوبڑھائے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات