حکومت سندھ کا خواتین کو ای وی اسکوٹیز کی فراہمی کیلئے آئندہ ماہ قرعہ اندازی کا فیصلہ، پہلے مرحلے میں ایک ہزارخواتین کو الیکٹرک اسکوٹیز دی جائیں گی، شرجیل انعام میمن

جمعہ 23 مئی 2025 21:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2025ء) حکومت سندھ نے خواتین کو ای وی اسکوٹیز کی فراہمی کے لیے آئندہ ماہ قرعہ اندازی کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے،پہلے مرحلے میں ایک ہزارخواتین کو برقی اسکوٹیز دی جائیں گی، جس کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔جمعہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق یہ بات سندھ کے سینئر وزیربرائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے ایک اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی،جس میں ای وی ٹیکسی، ای وی اسکوٹی سمیت بڑے ٹرانسپورٹ منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ای وی ٹیکسی اور اسکوٹی نہ صرف نوجوانوں کے لیے روزگار کا ذریعہ ہیں بلکہ خواتین کی نقل و حرکت اور ماحولیاتی بہتری میں بھی اہم کردار ادا کریں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت جون 2025میں خواتین کو ای وی اسکوٹیز کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ای وی ٹیکسی منصوبے پر بھی کام شروع کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔پروجیکٹ ڈائریکٹر یلو لائن نے اجلاس کو بتایا کہ یلو لائن بی آر ٹی منصوبے کا اہم حصہ جام صادق پل مقررہ وقت ستمبر سے قبل جون 2025میں مکمل کر لیا جائے گا۔

ڈیپو 1اور ڈیپو 2کی تعمیر بھی تیزی سے جاری ہے اور ان کی وقت سے پہلے تکمیل کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اس موقع پر شرجیل انعام میمن نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل یقینی بنائی جائے تاکہ شہریوں کو جدید، محفوظ اور قابلِ اعتماد سفری سہولیات میسر آسکیں۔اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، ایم ڈی ایس ایم ٹی اے کمال دایو، سی ای او ٹرانس کراچی فواد غفار سومرو، پروجیکٹ ڈائریکٹر یلو لائن ضمیر عباسی اور دیگر افسران نے شرکت کی ۔