حکومتی نااہلی ، غیر ذمہ داری اور بد انتظامی کی وجہ سے 67 ہزار لوگ حج سے محروم،حکومت جواب دے،سینیٹر محمد عبدالقادر

جمعہ 23 مئی 2025 22:55

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2025ء) چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ حج 2025 چند روز کی دوری پر ہے امسال حکومتی نااہلی، روایتی غیر ذمہ داری اور بد انتظامی کی وجہ سے 67 ہزار سے زائد لوگ 100 ارب روپے کی رقوم کی ادائیگی کے باوجود حج کی سعادت سے محروم رہیں گے ،وزارت مذہبی امور کی بد انتظامی کے باعث لوگوں کا 100 ارب روپے سے زائد پیسہ پھنس گیا اور وہ سفر حج پر روانہ نہ ہو سکے زندگی میں کم از کم ایک بار حج کی سعادت حاصل کرنا ہر مسلمان کی آرزو ہوتی ہے بیشتر سفید پوش حج کی سعادت حاصل کرنے کے لئے ساری زندگی پائی پائی اکٹھی کرتے رہتے ہیں اور اگر حج کی ادائیگی میں کوئی مشکل آ جائے تو ان کا زندگی کا سب سے بڑا خواب چکنا چور ہو جاتا ہے۔

(جاری ہے)

یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار محمد عبدالقادرنے کہا کہ ایک بھی درخواست گزار کے ساتھ ایسا سنجیدہ مزاق نہیں ہونا چاہیے جبکہ 67 ہزار افراد حج کی سعادت سے بھی محروم ہو جائیں اور انکی 100 ارب روپے سے زائد کی رقم بھی پھنس جائے پیپلزپارٹی کی گزشتہ حکومت کے دوران بھی حج کا میگا اسکینڈل سامنے آیا تھا جو حکومت لوگوں کے ایسے سیدھے سادے معاملات سنبھالنے کی صلاحیت نہیں رکھتی اسے حکمرانی کا کوئی حق نہیں 67 ہزار سے زائد لوگوں کو حج کی سعادت سے محروم کر دیا گیا لیکن حکومت کے کان پر جوں تک نہیں رینگی 67 ہزار لوگوں کو حج کی سعادت سے محروم کرنے کے جرم کی پاداش میں کسی حکومتی اور غیر حکومتی شخص کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا نہ کسی قسم کی قانونی کاروائی عمل میں لائی گئی وزیراعظم شہباز شریف اس نااہلی اور بد انتظامی کے مرتکب افراد کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لا کر لوگوں کے نقصانات کا ازالہ کریں اور انکے لئے حج کی سعادت حاصل کرنا اس لئے بھی ممکن بنائیں کہ ابھی مناسک حج شروع ہونے میں چند روز باقی ہیں۔