Live Updates

آذربائیجان کے میڈیا اینڈ انفارمیشن لٹریسی سینٹر کی سربراہ کا نظامت اعلی تعلقات عامہ کادورہ،مختلف شعبوں کا معائنہ کیا

ہفتہ 24 مئی 2025 16:44

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2025ء) آذربائیجان کے میڈیا اینڈ انفارمیشن لٹریسی سینٹر کی سربراہ و وائس ریکٹر ٹیلی ریڈیو اکیڈمی اے۔زیڈ ٹیلیویژن الماز محمود نصیبووا نے نظامت اعلی تعلقات عامہ کا دورہ کیا اور ناظم تعلقات عامہ راجہ امجد حسین منہاس سے ملاقات کی اور مختلف شعبوں کا معائنہ کیا ۔ اس موقع پر انہیں محکمہ کے مختلف شعبوں اور ورکنگ بارے بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر صدر آذربائیجان ٹریڈ ہائوس عدیل احمد بٹ، ڈائریکٹر سوشل اینڈ ڈیجیٹل میڈیا محمد بشیر مرزا، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیدہ ایمن نقوی، اسسٹنٹ ڈائریکٹروفاقی پی آئی ڈی ایکسٹرنل پبلسٹی ونگ آمنہ اقبال، ڈپٹی ڈائریکٹرایجوکیشن سید احمد حسن، محکمہ اطلاعات کےافسران راجہ محمدسہیل خان، سید آصف حسین نقوی ، راجہ عبدالباسط، خضر حیات، خواجہ محمد حنیف، سردارشمیم انجم ودیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ناظم تعلقات عامہ راجہ امجد حسین منہاس نے کہا کہ آزادکشمیر کے محکمہ اطلاعات نے میڈیا کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کے لیے ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا پر فوکس کر رکھا ہے۔ گزشتہ دنوں بھارتی جارحیت کے دوران ہمیں سائبر وار فیئر کا بھی سامنا رہا۔بھارت نے عوام کو گمراہ کرنے کے لیے مس انفارمیشن اور ڈس انفارمیشن پھیلائی جسے ہم نے درست معلومات کے ذریعے کاونٹر کیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم آزادکشمیر کی ہدایت پر محکمہ تعلقات عامہ میں "ایمرجنسی انفارمیشن رسپانس سینٹر" کا قیام عمل میں لایا گیا جس نے پاک بھارت کشیدگی کے دوران دن رات کام کیا اور عوام کو درست معلومات فراہم کیں ۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر فیک نیوز اس وقت ایک بڑا مسئلہ ہے جس کے لیے حکومت آزادکشمیر نےترجیحی بنیادوں پر ایک پراجیکٹ شروع کیا ہے تاکہ فیک نیوز کا تدارک کیا جا سکے اور لوگوں کو درست معلومات فراہم کی جا سکیں۔

کورونا وبا، انتخابات اور دیگر ہنگامی حالات کے دوران محکمہ کی آگاہی مہمات ہماری کامیابی کی سٹوریز رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا نے خبر کی جہتوں کو یکسر بدل کر رکھ دیا ہے جس کی وجہ سے اخبارات اور پرنٹنگ کا شعبہ دباؤ کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ آذربائیجان نے ہر مشکل گھڑی میں ہمارا ساتھ دیا جس پر ہم آپ کے شکر گزار ہیں اور اس امید کا اظہار کرتے ہیں کہ مستقل میں میڈیا کے شعبہ میں ایکسچینج پروگرامز شروع کیے جائیں تاکہ ہمیں ایک دوسرے کو مزید سمجھنے اور سیکھنے کے مواقع ملیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اے۔زیڈ ٹیلیویژن کی الماز محمود نصیبووا نے کہا کہ انہیں محکمہ تعلقات عامہ کا دورہ کر کے بے حد خوشی محسوس ہو رہی ہے۔ آپ جدید میڈیا شعبوں میں بہترین انداز میں کام کر رہے ہیں۔ آزادکشمیر کے لوگ مہمان نواز اور آذربائیجان کے لوگوں سے پیار کرتے ہیں۔مجھے یہاں جتنا پیار ملا ہےشاید ہی دنیا کے کسی اور خطہ میں ملا ہو۔

میرے دورہ کے دوران محکمہ اطلاعات کی جانب سے میرے ساتھ منسلک کیے گئے کنڈکٹنگ آفیسر راجہ سہیل نے انتہائی پروفیشنل انداز میں میری اور میری میڈیا ٹیم کی رہنمائی کی جس پر میں محکمہ کی شکرگزار ہوں۔ آپ کے پاس قابل اور محنتی افسران موجود ہیں۔ مجھے امید ہے کہ آپ اپنے افسران کو آذربائیجان کے دورہ پر بھیجیں گے جس سے دونوں خطوں کے لوگوں کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور ہمیں ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کا موقع ملے گا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات