Live Updates

یو ای ٹی لاہور میں سنٹر آف ایکسیلنس فار ریسرچ، ڈویلپمنٹ اینڈ ٹریننگ کا افتتاح

ہفتہ 24 مئی 2025 18:42

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2025ء) یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی)لاہور اور پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل)کے اشتراک سے یو ای ٹی لاہور میں ’’سنٹر آف ایکسیلنس فار ریسرچ، ڈویلپمنٹ اینڈ ٹریننگ‘‘کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔ اس شاندار تقریب کی میزبانی پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر، وائس چانسلر یو ای ٹی لاہور، اور جناب عمران عباسی، منیجنگ ڈائریکٹر و چیف ایگزیکٹو آفیسر پی پی ایل، نے کی۔

وائس چانسلر یو ای ٹی لاہور، پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ سنٹر صنعتی اداروں اور تعلیمی شعبے کے درمیان روابط کو مزید مستحکم بنائے گا اور تحقیق و ترقی کے نئے امکانات پیدا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ یو ای ٹی لاہور قومی ترقی کے سفر میں تحقیق، انوویشن اور انڈسٹریل پارٹنرشپ کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتی رہے گی۔

(جاری ہے)

یہ سنٹر نہ صرف تحقیق و تربیت کے نئے مواقع فراہم کرے گا بلکہ توانائی اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ایک مضبوط پلیٹ فارم بھی فراہم کرے گا۔

اس موقع پر ایم ڈی پی پی ایل عمران عباسی کا کہنا تھا کہ یہ سنٹر پاکستان کی توانائی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں پائیدار ترقی کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ پی پی ایل تعلیمی اداروں کے ساتھ اشتراک سے ملکی ترقی میں بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔ تقریب میں چیئرمین پاکستان انجینئرنگ کونسل انجینئر وسیم نذیر، ڈینز، اور مختلف تدریسی و انتظامی شعبہ جات کے سربراہان نے شرکت کی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات