Live Updates

مقبوضہ کشمیر، انتظامیہ نے بدھرواہ میں انٹرنیٹ سروس معطل کردی

ہفتہ 24 مئی 2025 19:12

جموں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں انتظامیہ نے ضلع ڈوڈہ کے علاقے بدھرواہ میں 37 ٹیلی کام ٹاوروں پر موبائل انٹر نیٹ سروسز معطل کر دی ہیں۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق موبائل ڈیٹا سروسز کی معطلی کا حکمنامہ مقبوضہ علاقے کے محکمہ داخلہ نے جاری کیا ہے ۔ یہ معطلی 27 مئی تک نافذ رہے گی۔

انسپکٹر جنرل پولیس جموں زون نے حکمنامے کی تصدیق کی ہے ۔ معطلی سے وائی فائی کے علاوہ 2سے لیکر کر 5جی ڈیٹا سروسز متاثر ہونگی۔

(جاری ہے)

ٹیلی کام اور انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ حکمنامے کی مکمل تعمیل کو یقینی بنائیں۔موبائل سروسز معطل کرنے کی وجہ علاقے کی سلامتی اور امن عامہ کو برقرار رکھنا بتائی گئی ہے تاہم یہ مقبوضہ علاقے میں جاری بھارتی جبر کی ایک واضح مثال ہے۔ مودی حکومت نے علاقے میں اظہاررائے کی آزادی کا حق مکمل طورپر سلب کر رکھا ہے ، بھارتی ظلم و ستم کے خلاف آواز اٹھانے والوں کو پبلک سیفٹی ایکٹ اور یو اے پی جیسے کالے قوانین کے تحت گرفتار کر کے سلاخوں کے پیچھے ڈال دیا جاتا ہے۔

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات