Live Updates

محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس، ڈی پورٹ افراد کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ

پاسپورٹ منسوخ اور پانچ سال کے لیے انہیں پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں بھی شامل کیا جائے گا،فیصلہ

ہفتہ 24 مئی 2025 20:27

محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس، ڈی پورٹ افراد کے خلاف سخت کارروائی کا ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 مئی2025ء)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت وزارتِ داخلہ میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈی پورٹ ہو کر واپس آنے والے افراد کے خلاف سخت اقدامات کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈی پورٹ ہونے والے افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے گی اور ان کے پاسپورٹ منسوخ کیے جائیں گے اس کے علاوہ پانچ سال کے لیے انہیں پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں بھی شامل کیا جائے گا۔

اجلاس میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، سیکرٹری داخلہ، ڈی جی ایف آئی اے اور ڈی جی پاسپورٹ سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ ڈی پورٹ ہونے والے افراد پاکستان کے لیے بین الاقوامی سطح پر شرمندگی کا باعث بن رہے ہیں، اب ان سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ پاسپورٹ کے قوانین کو مزید سخت اور مؤثر بنانے کے لیے سیکرٹری داخلہ کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو فوری طور پر اپنی سفارشات مرتب کرے گی۔

محسن نقوی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایسے اقدامات سے نہ صرف پاکستان کا عالمی تشخص بہتر ہو گا بلکہ انسانی اسمگلنگ اور غیر قانونی امیگریشن جیسے مسائل پر بھی مؤثر قابو پایا جا سکے گا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات