اے این ایف اہلکاروں کے قتل کیس میں مجرم کو 9 بارعمر قید کی سزاسنا دی گئی

مجرم پر دو لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد،عدم ادائیگی پر مزید چھ قید کاٹنا ہوگی،عدالت

ہفتہ 24 مئی 2025 20:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2025ء)راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت نے اینٹی نارکوٹکس فورس کے تین اہلکاروں کے قتل کے مجرم کو تین دفعات کے تحت مجموعی طور پر نو بار عمر قید کی سزا سنا دی۔راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے اے این ایف اہلکاروں کے قتل کے مقدمے میں ملزم سید عابد علی شاہ کو مجرم قرار دیتے ہوئے دہشت گردی اور قتل کی دفعات کے تحت مجموعی طور پر نو بار عمر قید کی سزا سنائی۔

عدالتی فیصلے کے مطابق ملزم کو قتل کی دفعہ کے تحت تین بار عمر قید جبکہ انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ سات اے اور سات بی کے تحت بھی تین تین بار عمر قید کی سزا دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ مجرم پر دو لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے جس کی عدم ادائیگی پر ملزم کو مزید چھ ماہ قید کاٹنا ہو گی۔

(جاری ہے)

عدالت نے حکم دیا ہے کہ مجرم شہید ہونے والے اے این ایف اہلکاروں کے قانونی ورثائ کو دس لاکھ روپے فی کس بطور ہرجانہ بھی ادا کرے بصورت دیگر اسے مزید چھ ماہ قید بھگتنا ہوگی۔

ساتھ ہی عدالت نے ملزم کی تمام منقولہ اور غیر منقولہ جائیداد ضبط کرنے کا حکم بھی جاری کیا ہے۔ملزم کے خلاف مقدمہ گزشتہ برس سولہ جون کو تھانہ دینہ میں درج کیا گیا تھا۔متن کے مطابق ترکی ٹول پلازہ کے قریب منشیات کی اسمگلنگ کی اطلاع پر اے این ایف اہلکاروں نے گاڑی کو روکنے کی کوشش کی جس پر ملزم سید عابد علی شاہ نے فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں ہیڈ کانسٹیبل گلزار، لانس نائیک مظہر حسین اور ذیشان موقع پر شہید ہو گئے تھے۔