Live Updates

نئے ٹیکسز کے اطلاق سے قبل پیشگی مشاورت کی جائے، صدر آل پاکستان انجمن تاجران اشرف بھٹی

اتوار 25 مئی 2025 14:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2025ء) آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ حکومت تاجروں پر کسی طرح کے نئے ٹیکسز کا اطلاق سے قبل پیشگی مشاورت کرے ، تاجروں نے کبھی بھی ٹیکس دینے سے انکار نہیں کیا بلکہ ملک بھر میں تاجر مختلف ٹیکسز کی ادائیگی کے ساتھ لاکھوں لوگوں کو روزگار بھی فراہم کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

اتوار کو اپنے ایک بیان میں اشرف بھٹی نے کہا کہ یہ کہنا قطعا ً مناسب نہیں کہ سارے تاجر ٹیکسوں کی ادائیگی نہیں کرتے ، ہم برملا کہتے ہیں کہ تمام تاجروں کو اپنے ذمے ٹیکسز کی ادائیگی کرنی چاہیے لیکن حکومت بھی ٹیکسز کی تعداد اور شرح کو کم کرے ۔ انہوں نے کہا کہ تاجر ڈائریکٹ اور ان ڈائریکٹ کئی طرح کے ٹیکسز کی ادائیگی کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہ تجویز دے چکے ہیں کہ مارکیٹوں کے سروے میں تعاون کے لئے تیار ہیں لیکن تاجروں پر اتنا بوجھ نہ ڈالا جائے جسے وہ اٹھا نہ سکیں۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں تاجروں پر کسی طرح کے نئے ٹیکسز کے اطلاق سے قبل مشاورت کی جائے تاکہ بات چیت کے ذریعے مثبت پیشرفت ہو سکے ۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات