Live Updates

بھارت ،علی گڑھ میں گائے کا گوشت لے جانے کے شبہ میں چار مسلمان ہجومی تشدد کا شکار

گائے کے تحفظ کی آڑ میں مسلمانوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے جبکہ ریاست نے آنکھیں بند کررکھی ہیں

اتوار 25 مئی 2025 14:40

علی گڑھ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2025ء)بھارت میں بی جے پی کے زیر اقتدار یاست اترپردیش میںہجومی تشدد کے ایک ہولناک واقعے میں چار مسلمانوں کو گائے کا گوشت لیجانے کے شبہ میں بے رحمی سے تشدد کا نشانہ بنایاگیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ واقعہ علی گڑھ کے قریب پیش آیا۔ متاثرین میںسلیم خان، اس کا بھتیجہ عقیل ابراہیم اور دو مزدورشامل ہیں جو اتراولی سے منڈی جارہے تھے اور ہندوتوا کے غنڈوںنے ان پر حملہ کیا۔

عینی شاہدین نے بتایا کہ رام کمار آریہ اور ارجن عرف بھولوکی زیر قیادت حملہ آوروں نے متاثرین سے پہلے 50ہزارروپے کی رشوت طلب کی جب متاثرین نے رشوت دینے سے انکار کر دیا توان کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ متاثرین کا سامان لوٹنے اور ان کی گاڑی کو نذر آتش کرنے سے پہلے حملہ آوروں نے ان کو لاٹھیوںاور سلاخوں سے تشدد کا نشانہ بنایا جس سے وہ شدید زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

پریشان کن بات یہ ہے کہ راہگیروں نے اس واقعے کی فلمبندی تو کی لیکن کوئی مداخلت نہیں کی اورپولیس بھی بروقت کارروائی کرنے میں ناکام رہی۔متاثرہ افراد اس وقت تشویشناک حالت میں اسپتال میں داخل ہیں۔ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس امرت جین نے تصدیق کی کہ متاثرین کے کاغذات درست تھے اور گاڑی سے ملنے والاگوشت بھینس کا گوشت تھا جو ایک قانونی شے ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں تحقیقات جاری ہیں۔ایف آئی آر کے باوجود انسانی حقوق کے کارکنان انصاف کی فراہمی کے حوالے سے شکوک و شبہات کا شکار ہیں۔ ایک مقامی کارکن نے بتایا کہ گائے کے تحفظ کی آڑ میں مسلمانوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے جبکہ ریاست نے آنکھیں بند کررکھی ہیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات