ہم نے خوش رہنے کی فیکٹری کھولی، ہماری پراڈکٹ ماہر فنکار ہیں، محمد احمد شاہ

آج تمام اکیڈمیز پھل پھول رہی ہیں، ہمارا آرٹ اسکول پاکستان کا پہلا آرٹ سکول تھا، 1964 کے بعد اس آرٹ اسکول کو دوبارہ سے کھولا

پیر 26 مئی 2025 12:06

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2025ء)آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیرِ اہتمام 3 روزہ آرٹس المنائی فیسٹیول 2025 فن کی تمام جہتوں کے رنگ بکھیرتے ہوئے اختتام پزیر ہو گیا۔اس موقع پر صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہا کہ 3 دن کے فیسٹیول میں نوجوان نسل نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، ان کا جوش و جذبہ قابلِ دید تھا، بہت خوشی ہو رہی ہے کہ آرٹس کونسل کی اکیڈمیز کے یہ فنکار اپنی اپنی فیلڈ میں ماہر ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

محمد احمد شاہ نے کہا کہ کامیاب فیسٹیول کے انعقاد پر آرٹس کو نسل کی پوری ٹیم کو مبارک باد دیتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے خوش رہنے کی فیکٹری کھولی ہوئی ہے، اس فیکٹری میں ہماری پراڈکٹ ماہر فنکار ہیں۔آرٹس کونسل کے صدر نے کہا کہ جب میں نے آرٹس کونسل کی باگ دوڑ سنبھالی یہاں کچھ نہیں تھا، ایک ٹیچر سے ہم نے تھیٹر اکیڈمی شروع کی پھر میوزک اور ڈانس اکیڈمی بنائی۔ان کا کہنا تھا کہ آج تمام اکیڈمیز پھل پھول رہی ہیں، ہمارا آرٹ اسکول پاکستان کا پہلا آرٹ سکول تھا، 1964 کے بعد اس آرٹ اسکول کو دوبارہ سے کھولا۔