بھارتی فوج نے ضلع کٹھوعہ میں دو بریگیڈ تعینات کر دیئے

بھارتی فوج نے کٹھوعہ، ڈوڈہ، کشتواڑ، ادھم پور اور جموں خطے کے دیگر اضلاع میں تلاشی کی کارروائیاں تیز کردیں

پیر 26 مئی 2025 16:36

جموں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2025ء)غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی فوج نے جموں کے جنگلاتی علاقوں میں تلاشی کی کارروائیوں کو تیز کرتے ہوئے ضلع کے دور دراز علاقوں میں فوج کے دو بریگیڈ تعینات کردیے ہیں اور علاقے میںاپنا ایک موبائل نیٹ ورک قائم کیا ہے۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج نے کٹھوعہ، ڈوڈہ، کشتواڑ، ادھم پور اور جموں خطے کے دیگر اضلاع میں تلاشی کی کارروائیاں تیز کردی ہیں۔

ایک بریگیڈ کو سرتھل میں جبکہ دوسرے کو بلاور کے علاقے رام پور میں تعینات کیا گیا ہے۔بھارتی فوج کے ایک ترجمان نے بتایا کہ اس سے نہ صرف علاقے کی چوبیس گھنٹے نگرانی کی جاسکے گی بلکہ فوج کے اہلکاراپنے بریگیڈیئر اور ایک دوسرے کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں گے۔بھارتی فوج کے علاوہ پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ کو بھی ان علاقوں میں تعینات کیاگیا ہے۔