صوبائی وزیر کھیل کی لاہور قلندرز کو پی ایس ایل میں شاندار فتح پر مبارکباد

پیر 26 مئی 2025 19:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2025ء) صوبائی وزیر کھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے فائنل میں لاہور قلندرز کی شاندار کامیابی پر دلی مبارکباد دی ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹیم کی یہ فتح نہ صرف لاہور قلندرز کی کامیابی ہے بلکہ پورے پاکستان کیلئے خوشی اور فخر کا باعث ہے۔صوبائی وزیر نے لاہور قلندرز کے تمام کھلاڑیوں اور مینجمنٹ کو ان کی انتھک محنت، پیشہ ورانہ مہارت اور جذبے پر خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے فائنل میں حسن نواز، کوشل پریرا اور سکندر رضا کی کارکردگی کو خصوصی طور پر سراہا اور کہا کہ ان کھلاڑیوں نے شاندار کھیل پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ آ ج صرف لاہور قلندرز نہیں،کھیل اور پاکستان کی جیت ہوئی ہے۔ ٹورنامنٹ کی کامیابی پوری قوم کی کامیابی ہے اور اس سے دنیا بھر میں پاکستان کی مثبت شناخت ابھری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ کھیلوں کے میدان میں ایسی تقریبات نہ صرف نوجوانوں کو صحت مندانہ سرگرمیوں کی طرف راغب کرتی ہیں بلکہ امن، رواداری اور بھائی چارے کو فروغ دیتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’’اکستان کے دشمن جان لیں،ہم امن پسند اور متحد قوم ہیں۔ پی ایس ایل جیسا میگا ایونٹ پاکستان کے روشن مستقبل کی علامت ہے اور حکومت پنجاب کھیلوں کی ترقی کیلئے مکمل طور پر پرعزم ہے۔صوبائی وزیر نے اس کامیاب ایونٹ کے انعقاد پر تمام متعلقہ اداروں کا بھی شکریہ ادا کیا،جنہوں نے اسے کامیاب بنانے کیلئے بھرپور کردار ادا کیا۔انہوں نے پاکستانی شائقین کرکٹ کو بھی خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے جوش و خروش سے ٹورنامنٹ میں بھر پور حصہ لیا اور اس کو ایک یادگار ایونٹ بنایا۔