گورنرفیصل کریم کنڈی کا دورہ کوئٹہ، وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کے ہمراہ سی ایم ایچ ہسپتال کوئٹہ میں سانحہ خضدار کے زخمیوں کی عیادت کی

پیر 26 مئی 2025 20:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2025ء) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی ایک روزہ دورے پر پیر کے روز کوئٹہ پہنچے جہاں انہوں نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے ہمراہ سی ایم ایچ کوئٹہ میں سانحہ خضدار کے زخمیوں کی عیادت کی ۔ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے اس موقع پر شہدا کے لواحقین کیلئے دس،دس لاکھ روپے اور زخمیوں کیلئے پانچ،پانچ لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ فتنہ ہندوستان کے دہشت گردوں نے معصوم بچوں کو نشانہ بنا کر اپنی بزدلی کا ثبوت دیا ہے،بلوچستان کے عوام امن پسند اور محب وطن ہیں اور وہ دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔فیصل کریم کنڈی نے شہدا کے خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا ملک اس وقت اندرونی اور بیرونی دہشت گردی کا شکار ہے،پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ مل کر دہشتگردوں اور تخریب کاروں کا قلع قمع کرے گی۔

وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ہم اپنے معصوم شہدا کے مقدس خون کے قرضدار ہیں ،انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مٹھی بھر دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گاجبکہ شہید بچوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا ۔