قومی اسمبلی ،قائمہ کمیٹی داخلہ کا اجلاس، بجلی چوری پر مقدمات کے اندراج سے متعلق بل کثرت رائے سے مسترد

ظالمانہ بل کی مخالفت کرتے ہیں، بلا وجہ عوام کو ہتھکڑیاں نہ لگائی جائیں،پہلے بڑے بڑے چوروں کے خلاف کارروائی کی جائے، زرتارج گل کراچی میں میٹر ایک شخص کے نام پر نہیں ہوتا، بجلی کمپنیاں پہلے اپنے آپ کو ٹھیک کریں، بغیر اصلاحات بل منظور نہیں کرسکتے، عبدالقادر پٹیل

پیر 26 مئی 2025 20:40

قومی اسمبلی ،قائمہ کمیٹی داخلہ کا اجلاس، بجلی چوری پر مقدمات کے اندراج ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2025ء)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے بجلی چوری پر مقدمات کے اندراج سے متعلق کریمنل بل 2024ء کثرت رائے سے مسترد کردیا۔پیر کو کمیٹی کا اجلاس چیئرمین راجا خرم شہزاد نواز کی صدارت منعقد ہوا ۔ کمیٹی میں بجلی چوری پر مقدمات کے اندراج سے متعلق کریمنل بل 2024ء پیش کیا گیا ۔کمیٹی ارکان نے کہا کہ نئے بل کے ذریعے عوام کو ذلیل وخوار کیا جائیگا۔

رکن پی ٹی آئی زرتارج گل نے کہا کہ پہلے بڑے بڑے چوروں کے خلاف کارروائی کی جائے، اس ظالمانہ بل کی مخالفت کرتے ہیں، بلا وجہ عوام کو ہتھکڑیاں نہ لگائی جائیں۔عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ کراچی میں میٹر ایک شخص کے نام پر نہیں ہوتا، بجلی کمپنیاں پہلے اپنے آپ کو ٹھیک کریں، ہم اس بل کو بغیر اصلاحات کے منظور نہیں کرسکتے، کوئی سسٹم نہیں ہے،کوئی چیک اینڈ بیلنس نہیں ہے، ہم کسی صورت اس کو پاس نہیں کریں گے ، ہم کسی کو ہتھکڑی نہیں لگنے دیں گے۔

(جاری ہے)

نبیل گبول نے کہا کہ بجلی چوری میں ایک چوکیدار کو گرفتار کیا گیا، بجلی آپ دیتے نہیں ہیں، عوام کو کیا منہ دکھائیں، کراچی میں 18 ، 18 گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہوتی ہے، بجلی 2 بندے چوری کرتے ہیں لیکن کے الیکٹرک اس پورے علاقے کی بجلی کاٹ دیتی ہے، ایسا بل کوئی عوامی نمائندہ منظور نہیں کریگا۔چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ اگر کوئی بندہ اس گھر میں نہیں رہ رہا تو اس کے خلاف کیسے اندراج مقدمہ ہوگا ۔وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے کہاکہ بجلی چوری ہورہی ہے، ہم نے چوری کو روکنا ہے، اس معاملے پر پوائنٹ سکورنگ نہ کی جائے۔بعد ازاں حکومتی جماعت سمیت پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف ارکان نے بل مسترد کردیا۔