پی پی کی صوبہ بچاؤ تحریک پر پولیس کی شیلنگ فاشزم کی بدترین مثال ہے، امیر مقام

کرپشن اور نالائقی چھپانے کیلئے جبر کا سہارا لیا جا رہا ہے، صدر ن لیگ کے پی کے کا بیان جاری

منگل 27 مئی 2025 15:47

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2025ء)وفاقی وزیر اور مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صدر انجینئرامیرمقام نے پشاور میں پیپلزپارٹی کی صوبہ بچاؤ تحریک کی ریلی پر پولیس شیلنگ اور لاٹھی چارج کی مذمت کی ہے۔ وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے اپنے بیان میں کہا کہ پشاور میں پی پی ریلی پر حملہ قابل مذمت ہے، پرامن سیاسی سرگرمی پر نا اہل صوبائی حکومت کا لاٹھی چارج ناقابل قبول ہے۔

(جاری ہے)

امیر مقام نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں سیاسی کارکنوں پر شیلنگ فاشزم کی بدترین مثال ہے۔ کرپشن اور نالائقی چھپانے کیلئے جبر کا سہارا لیا جا رہا ہے۔مسلم لیگ (ن) کے صدر نے کہا کہ صوبائی حکومت سیاسی اختلاف برداشت کرنے کا حوصلہ کھو چکی ہے، تشدد اور آنسو گیس سے آوازیں دب نہیں سکتیں۔ انجنیئر امیر مقام نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کا اصل فاشسٹ چہرہ عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے۔