Live Updates

یوم تکبیر پاکستان کی دفاعی خودمختاری اور قومی وقار کا دن ہے‘ملک فیصل ایوب کھوکھر

ْمیاں نواز شریف کی جرأتمند قیادت کا نتیجہ تھا کہ پاکستان ایٹمی قوت بنا‘صوبائی وزیر کھیل

منگل 27 مئی 2025 17:00

یوم تکبیر پاکستان کی دفاعی خودمختاری اور قومی وقار کا دن ہے‘ملک فیصل ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2025ء) صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر نے یوم تکبیر کے حوالے سے گورنمنٹ گریجوایٹ کالج فار وومن، سمن آباد میں منعقدہ ایک پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 28 مئی پاکستان کی دفاعی خودمختاری کا دن ہے جو ہماری قومی غیرت، استقلال اور اتحاد کی روشن علامت ہے۔ ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ یوم تکبیر نہ صرف پاکستان کو ایک ناقابلِ تسخیر ایٹمی قوت کے طور پر دنیا کے نقشے پر متعارف کراتا ہے بلکہ یہ دن ہمیں قومی یکجہتی، قربانی اور عزم کی یاد بھی دلاتا ہے۔

انہوں نے مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ میاں نواز شریف کی جراتمند قیادت کا نتیجہ تھا کہ پاکستان ایٹمی قوت بنا اور دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملائے گئے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر کھیل نے کہا کہ ہمیں اپنے شہداء ، سائنسدانوں، انجینئرز اور ان تمام افراد کو سلام پیش کرنا چاہیے جنہوں نے ایٹمی پروگرام کو پایہٴ تکمیل تک پہنچایا۔

انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان نسل کو یوم تکبیر کی اہمیت سے روشناس کرانا ہماری ذمہ داری ہے تاکہ وہ اپنے اسلاف کی قربانیوں سے سبق لے کر ملک و قوم کے لیے سرگرم کردار ادا کر سکیں۔ فیصل ایوب کھوکھر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔ الحمدللہ، آج پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے اور ہم ہر محاذ پر اپنے وطن کا دفاع کریں گے۔یوم تکبیر کے اس موقع پر پورے کالج میں حب الوطنی کا جذبہ دیدنی تھا اور طالبات نے بھی قومی ترانوں اور تقاریر کے ذریعے اس دن کی اہمیت کو اجاگر کیا۔تقریب میں کالج کی پرنسپل محترمہ راشدہ قریشی، وائس پرنسپل مہوش علی، اساتذہ کرام اور طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات