Live Updates

تحریک انصاف کی انٹرنل احتساب کمیٹی کی جانب سے مکمل طور پر کلیئر قرار دے دیا گیا ہے،بابرسلیم

اب کمیٹی پارٹی نظم و ضبط کی خلاف ورزی کرنے اور میڈیا کے ذریعے بے بنیاد الزامات لگا کر مجھے اور پارٹی کو بدنام کرنے والے اعظم سواتی کے خلاف کاروائی کریگی،سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی

منگل 27 مئی 2025 20:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2025ء)سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابرسلیم نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی انٹرنل احتساب کمیٹی کی جانب سے مکمل طور پر کلیئر قرار دے دیا گیا ہے اور اب میںمنتظر ہوں کہ کمیٹی پارٹی نظم و ضبط کی خلاف ورزی کرنے اور میڈیا کے ذریعے بے بنیاد الزامات لگا کر مجھے اور پارٹی کو بدنام کرنے والے اعظم سواتی کے خلاف کب شوکاز نوٹس جاری کرتی ہے ۔

خیبر پختونخوا اسمبلی کے کانفرنس روم میں منعقدہ میڈیا بریفنگ کے دوران سپیکر بابر سلیم سواتی نے اسمبلی سیکریٹریٹ سے متعلق حالیہ الزامات پر اپناتفصیلی مؤقف پیش کیا۔سپیکر بابر سلیم سواتی نے کہا کہ انہیں پاکستان تحریک انصاف کی انٹرنل احتساب کمیٹی کی جانب سے مکمل طور پر کلیئر قرار دے دیا گیا ہے، اور اب وہ منتظر ہیں کہ کمیٹی پارٹی نظم و ضبط کی خلاف ورزی کرنے اور میڈیا کے ذریعے بے بنیاد الزامات لگا کر انہیں اور پارٹی کو بدنام کرنے والے اعظم سواتی کے خلاف کب شوکاز نوٹس جاری کرتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان کے خلاف بے بنیاد الزامات نہ صرف ان کی ذاتی ساکھ بلکہ پارٹی کی اجتماعی ساخت کو بھی نقصان پہنچانے کا باعث بنے، اور پارٹی ڈسپلن کی پامالی کی گئی۔اسپیکر نے وضاحت کی کہ انکوائری کے دوران پارٹی نظم و ضبط اور وقار کو مدنظر رکھتے ہوئے انہوں نے کسی قسم کی میڈیا بریفنگ نہیں دی، جبکہ دوسری جانب سے میڈیا کو مسلسل گمراہ کن معلومات اور الزامات لیک کیے جاتے رہے۔

اب جبکہ انکوائری مکمل ہو چکی ہے اور تمام الزامات کو جھوٹا قرار دے کر انہیں بری الذمہ قرار دیا گیا ہے، تو ہم نے میڈیا کے سامنے آ کر تمام حقائق رکھنا ضروری سمجھا۔ اسپیکر نے اپنی ایک سالہ کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 51 سال بعد اسمبلی سیکریٹریٹ ایکٹ کی منظوری سے ادارے میں شفافیت میں اضافہ ہوا اور اسپیکر کے اختیارات محدود ہوئے۔

اعظم سواتی کی جانب سے مانسہرہ میں مبینہ کرپشن، غیر قانونی بھرتیوں اور ترقیوں کے الزامات کی بھی تحقیقات ہوئیں، لیکن ان الزامات کے حق میں کوئی شواہد نہ ملنے پر انکوائری بند کردی گئی۔ سپیکر نے کہا کہ چھ ماہ میں اسمبلی ایکٹ کی تیاری ایک بڑا سنگ میل ہے، جو ارکان اسمبلی، قومی اسمبلی سیکریٹریٹ اور متعلقہ محکموں سے مشاورت کے بعد مکمل کیا گیا۔

انہوں نے کوہستان بدعنوانی کیس کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نیب نے اس کیس میں 26 ارب روپے کی ریکوری کی، جبکہ آڈیٹر جنرل کا دس سالہ فرانزک آڈٹ مزید حقائق سامنے لائے گا۔سپیکر بابر سلیم سواتی نے اعظم سواتی کے ان الزامات کو بھی مسترد کیا کہ ان کے ماہانہ اخراجات ڈیڑھ کروڑ روپے ہیں اور آسٹریلیا کا دورہ غیر ضروری تھا۔ سپیکر نے واضح کیا کہ مذکورہ دورہ کامن ویلتھ پارلیمنٹری ایسوسی ایشن کے تحت تھا، جو گزشتہ دو دہائیوں سے معمول کے مطابق کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسمبلی کی فنانس کمیٹی نے تمام بھرتیوں اور ترقیوں کو میرٹ اور قانون کے مطابق قرار دیا ہے۔سپیشل سیکریٹری سید وقار شاہ جو کہ سپیکر اسمبلی کے ہمراہ پریس بریفنگ میں موجود تھے، انھوں نے میڈیا کو بتایا کہ سپیکر بابر سلیم سواتی کی قیادت میں خیبر پختونخوا اسمبلی سیکریٹریٹ نے 51 سال بعد ملازمین کے لیے باقاعدہ سروس سٹرکچر اور پروموشن پالیسی متعارف کرائی۔

آئین کے آرٹیکل 87 کے تحت منظور شدہ ''اسمبلی سیکریٹریٹ (سروس کے شرائط و ضوابط) ایکٹ'' کے تحت اسمبلی کے مختلف سیکشنز کو ڈائریکٹوریٹس میں تبدیل کیا گیا۔ ترقی کے لیے سروس کی مدت، تربیت، ٹیسٹ اور انٹرویو لازمی قرار دیے گئے ہیں، جو پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار پارلیمنٹری سروسز کے ذریعے منعقد ہوں گے۔ ترقی پانے کے لیے خالی اسامیوں کی موجودگی اور اہلیت کی شرائط پوری کرنا لازم ہے۔

سید وقار شاہ نے بتایا کہ گریڈ 17 اور اس سے بالا تمام پوسٹوں پر ترقی کے لیے ٹیسٹ و انٹرویو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ موجودہ اسمبلی سیکریٹری 10 جون کو ریٹائر ہو رہے ہیں، جس کے بعد گریڈ 21 کے دو افسران اس عہدے کے لیے اہل ہوں گے۔ اسکے علاوہ خیبرپختونخوا اسمبلی سیکٹریٹ میں کفایت شعاری کے اقدامات سے چند ماہ میں کروڑوں روپوں کی بچت کی گئی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات