منفرد آئیڈیاز کے ذریعہ نوجوان عالمی سرمایہ کاری پاکستان لا سکتے ہیں ، سیمینار سے مقررین کا خطاب

منگل 27 مئی 2025 20:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2025ء) یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ایم ٹی) میں ''مستقبل کے رہنما اور بزنس لیڈرز'' کے عنوان پر خصوصی سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں چیئرمین ڈی ڈبلیو پی، فاروق نسیم نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ صدر یو ایم ٹی ابراہیم حسن مراد نے بھی سیمینار میں خصوصی شرکت کی۔سیمینار میں طلبا، اساتذہ، اور بزنس کمیونٹی کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

اس موقع پر صدر یو ایم ٹی ابراہیم مراد نے کہا کہ یو ایم ٹی کا آنٹرپرینیورل سفر نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سیمینار کا مقصد نوجوانوں کو کامیاب بزنس لیڈرز سے سیکھنے کے مواقع فراہم کرنا ہے تاکہ وہ آنے والے وقت میں ملک کی ترقی میں موثر کردار ادا کر سکیں۔

(جاری ہے)

انکا کہنا تھا کہ جدت کے پیش نظر نوجوان نسل مصنوعی ذہانت (AI) کے ذریعے بزنس میں انقلابی تبدیلی لا سکتی ہے جو کہ ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی۔

چیئرمین ڈی ڈبلیو پی فاروق نسیم نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں سے گفتگو کرنا ان کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ طلبا کو خود اعتمادی دیں تاکہ وہ زندگی کے ہر شعبے میں کامیاب ہو سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے ٹیکسٹائل سے لے کر آئی ٹی مینوفیکچرنگ تک کا سفر طے کیا اور اس میں روزانہ 13سے 14گھنٹے محنت کی جس کا پھل آج انہیں مل رہا ہے۔

فاروق نسیم نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں خوف کی فضا ہے، جسے ختم کرنا ہوگا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صرف کتابی تعلیم کافی نہیں بلکہ سماجی روابط سے بھی سیکھنا ضروری ہے۔ انہوں نے ورچوئل ایجوکیشن کو نئی جہتوں کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارے لیے ایک نیا چیلنج ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ موقع کا انتظار نہ کریں بلکہ پہل کرنے والے بنیں، کیوں کہ آج کی دنیا میں پہلے قدم اٹھانے والا ہی کامیاب ہوتا ہے۔

انہوں نے نوجوان نسل کو آبائو اجداد کی قربانیوں کا ثمر قرار دیا۔چیئرمین ڈی ڈبلیو پی گروپ نے کہا کہ ان کے ادارے میں 1200ملازمین گزشتہ 20سال سے کام کر رہے ہیں کیونکہ ادارے نے انہیں عزت والا ماحول دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ادارے کی تباہی اس وقت شروع ہوتی ہے جب کسی غلط فرد کو غلط جگہ پر تعینات کیا جائے۔ دہشت گردی کے باعث ملک کو معاشی نقصان پہنچا ہے، لیکن پاکستان میں پوٹینشل بہت زیادہ ہے اور نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو درست سمت میں استعمال کریں ،منفرد آئیڈیاز کے ذریعہ نوجوان عالمی سرمایہ کاری پاکستان لا سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آنے والے سال جدت کے ہوں گے اور نوجوانوں کو ابھی سے اس کے لیے تیار ہونا چاہیے۔ تعلیمی اداروں کو چاہیے کہ وہ جدید علم کو نصاب کا حصہ بنائیں۔