بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلئے آئی سی سی آئی کے صدر کو آئندہ بورڈ میٹنگ میں مدعو کیا جائے گا،سی ڈی اے

منگل 27 مئی 2025 21:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2025ء) تاجر برادری کو درپیش دیرینہ چیلنجز سے نمٹنے کی جانب ایک اہم قدم کے طور پر کپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر ناصر منصور قریشی کو آئندہ سات دنوں میں ہونے والے سی ڈی اے بورڈ کے اجلاس میں مدعو کیا جائے گا۔

چیمبر آف کامرس کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق یہ عزم سی ڈی اے ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کے دوران سامنے آیا جہاں صدر آئی سی سی آئی نے ایک سینئر وفد کی قیادت کرتے ہوئے سی ڈی اے کے ممبر ایڈمنسٹریشن طلعت محمود گوندل سے ملاقات کی۔ صدر نے تاجروں کو درپیش اہم مسائل پر فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ سی ڈی اے کے ممبر فنانس نعیم طاہر اور ڈی جی بلڈنگ کنٹرول فیصل نعیم بھی موجود تھے جنہوں نے عملی اور دیرپا حل کے لیے آئی سی سی آئی کے ساتھ قریبی کوآرڈینیشن میں کام کرنے کے سی ڈی اے کے ارادے کی تصدیق کی۔

آئی سی سی آئی کے صدر ناصر منصور قریشی نے اس بات پر زور دیا کہ سی ڈی اے اور کاروباری برادری کے درمیان مسلسل رابطے تاجروں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے کارگر ثابت ہوں گے۔یہ ملاقات اس ہفتے کے شروع میں آئی سی سی آئی کے صدر اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کے درمیان ہونے والی ایک ملاقات کے بعد ہوئی۔ وزیراعظم کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے ایس اے پی ایم نے آئی سی سی آئی کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور سی ڈی اے اور آئی سی سی آئی کے نمائندوں پر مشتمل مشترکہ ورکنگ کمیٹی کے قیام کا اعلان کیا۔

یہ کمیٹی تجارت، صنعت اور مارکیٹ مینجمنٹ کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے پر توجہ دے گی۔آئی سی سی آئی کے وفد میں شامل ہونے والی نمایاں شخصیات میں چیئر مین فونڈر گروپ آئی سی سی آئی طارق صادق، سینئر نائب صدر عبدالرحمن صدیقی، نائب صدر ناصر محمود چوہدری، صدر انڈسٹریل ایریا ایسوسی ایشن شیخ رزاق، آئی سی سی آئی کے سابق صدور خالد اقبال ملک، شہبان خالد، سابق،ایس وی پی انڈسٹریل ایریا ایسوسی ایشن، محمد علی، اور آئی سی سی آئی کے ایگزیکٹو ممبر عمران منہاس نے بھی آئی سی سی آئی کے صدر کے فوری اصلاحی اقدامات کے مطالبے کی توثیق کی۔

طلعت محمود گوندل، ممبر ایڈمنسٹریشن سی ڈی اے، نے آئی سی سی آئی کے ساتھ تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے اتھارٹی کی رضامندی کا اعادہ کیا اور کہا کہ بورڈ کا آئندہ اجلاس باہمی تعاون پر مبنی پالیسی ان پٹ کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کرے گا، جس میں آئی سی سی آئی کے صدر اصلاحات پر مبنی فیصلوں کی تشکیل میں مرکزی کردار ادا کریں گے۔سی ڈی اے اور آئی سی سی آئی کے درمیان یہ تجدید شدہ شراکت ادارہ جاتی احتساب، کاروبار کے حامی اصلاحات اور مضبوط پبلک پرائیویٹ تعاون کی طرف ایک مثبت تبدیلی کا اشارہ ہے۔

کاروباری برادری نے قوی امید ظاہر کی ہے کہ آئی سی سی آئی کی پرعزم قیادت ان کے مفادات کی حمایت جاری رکھے گی اور اسلام آباد کو مزید قابل اور ترقی پر مبنی اقتصادی ماحول کی طرف لے جائے گی۔