یومِ تکبیر ہمیں اتحاد، قربانی اور خود اعتمادی کا درس دیتا ہے، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان

بدھ 28 مئی 2025 10:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2025ء) وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ یومِ تکبیر پاکستان کی خودمختاری، سلامتی اور قومی وقار کی علامت ہے ، یومِ تکبیر ہمیں اتحاد، قربانی اور خود اعتمادی کا درس دیتا ہے۔وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے یومِ تکبیر پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ یومِ تکبیر پاکستان کی خودمختاری، سلامتی اور قومی وقار کی علامت ہے،جوہری طاقت کے بعد اب ہمارا ہدف معاشی خودمختاری ہے۔

وزیر تجارت نے کہا کہ قوم نے 28 مئی 1998 کو ناقابلِ تسخیر دفاع کی بنیاد رکھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم محمدنواز شریف ،شہید ذوالفقار علی بھٹو اور ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ جام کمال خان نے کہا کہ چاغی کی پہاڑیوں سے بلند ہونے والی “اللہ اکبر” کی صدا آج بھی زندہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یومِ تکبیر ہمیں اتحاد، قربانی اور خود اعتمادی کا درس دیتا ہے۔جام کمال خان نے کہا کہ ہمیں اب معاشی میدان میں بھی وہی عزم و ہمت دکھانی ہوگی،پاکستان تجارت، ٹیکنالوجی اور ترقی کے سفر میں نئے باب رقم کرے گا،یومِ تکبیر صرف ماضی کی یاد نہیں بلکہ ایک روشن مستقبل کے عہد کا دن بھی ہے۔