اسلام آباد، نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے اے ایس آئی شہید کانسٹیبل شدید زخمی

واقعہ فیض آباد میٹرو اسٹیشن کے قریب پیش آیا جب پولیس ملزمان کا تعاقب کر رہی تھی، ملزمان نے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی،ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، زخمی کانسٹیبل کوہسپتال منتقل کر دیا گیا

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 28 مئی 2025 10:30

اسلام آباد، نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے اے ایس آئی شہید کانسٹیبل شدید ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28 مئی 2025)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں فیض آباد میٹرو اسٹیشن کے قریب ملزمان کی فائرنگ سے اے ایس آئی شہید جبکہ کانسٹیبل شدید زخمی ہو گیا، واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ انڈسٹریل ایریا کی پولیس اور سیف سٹی حکام موقع پر پہنچ گئے، پولیس ترجمان کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب سی آئی اے اسلام آباد کی ٹیم خطرناک ملزمان کا تعاقب کر رہی تھی۔

اسی دوران ملزمان نے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں اے ایس آئی سدھیر احمد عباسی موقع پر ہی جامِ شہادت نوش کر گئے جبکہ ان کے ساتھی کانسٹیبل جعفر جہانگیر زخمی ہوگئے جنہیں سپتال منتقل کر دیا گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہوگئے تاہم پولیس نے ان کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق ملزمان نے پولیس ٹیم پر اندھا دھند فائرنگ کی۔شہید اے ایس آئی سدھیر احمد عباسی کی نماز جنازہ پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ادا کی گئی۔شہید اے ایس آئی کو سلامی دی گئی، نماز جنازہ میں ڈی سی اسلام آباد، اعلیٰ پولیس افسران، ضلعی انتظامیہ کے اہلکاروں اور پولیس جوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

شہید کو پولیس اعزاز کے ساتھ سلامی دی گئی، جس کے بعد ان کی میت آبائی گاﺅں ٹھلہ ایبٹ آباد روانہ کر دی گئی جہاں سپرد خاک کیا جائے گا۔پولیس حکام نے کہا ہے کہ حملہ آوروں کی شناخت کر لی گئی ہے اور انہیں جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ ترجمان اسلام آباد پولیس نے بتایا کہ مختلف علاقوں میں کومبنگ آپریشن جاری ہے، اور عوام سے بھی تعاون کی اپیل کی گئی ہے۔

پوری پولیس فورس نے اپنے شہید افسر کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ان کے قاتلوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا، اور انہیں جلد از جلد قانون کے شکنجے میں لایا جائے گا۔دوسری جانب کراچی میں مائی کلاچی پھاٹک کے قریب ٹریفک پولیس چوکی پر فائرنگ سے پولیس اہلکار زین محمد شہید ہو گیا۔کراچی کے علاقے مائی کلاچی پھاٹک کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے ٹریفک پولیس کا اہلکار زین محمد شہید ہو گیا۔

پولیس کے مطابق واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا شاخسانہ ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ اس وقت کی گئی جب شہید اہلکار اپنی ڈیوٹی پر معمول کے مطابق چوکی پر موجود تھا۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان نے دور سے دو گولیاں ماریں جو اہلکار کو لگیں جس کے باعث وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔