قومی اتحاد کو سیاسی ،معاشی استحکام کیلئے استعمال کیا جائے ‘ ٹیکس ایڈوائزرز ایسوسی ایشن

بدھ 28 مئی 2025 15:16

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2025ء)پاکستان ٹیکس ایڈوائزر زایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ پا ک بھارت کشیدگی کے موقع پر سامنے آنے والے مضبوط اتحاد کو پاکستان کے سیاسی اور معاشی استحکام کے لئے بھی استعمال کیا جانا چاہیے ، پاکستان کو اپنے دفاع کو مزید مضبوط بنانا ہوگا جو معیشت کی ترقی کے بغیر نا ممکن ہے اس لئے تمام سیاسی جماعتوں کو فی الفور میثاق معیشت پر اتفاق کرناہوگا۔

پاکستان ٹیکس ایڈوائزر زایسوسی ایشن کے صدر میاں عبدالغفار اورسیکرٹری جنرل خواجہ ریاض حسین نے آپریشن ’’ بنیان مرصوص ‘‘ کی کامیابی اور یوم تکبیر کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں پاکستان کے عوام نے سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے سکیورٹی فورسز کے پیچھے یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہوکر ساتھ دیا جو اطمینان کا باعث اور قابل فخر بات ہے ۔

(جاری ہے)

بین الاقوامی سطح پر چین نے ایک حقیقی اسٹریٹجک اتحادی کے طور پر اپنی حیثیت کی توثیق کی اور ترکیہ سمیت دیگر ممالک نے بھی واضح الفاظ میں پاکستان کی حمایت کا اعلان کیا ۔ لیکن ہمیں بطور قوم یہ سوچنا چاہیے کہ اب ہم صرف خوش قسمتی پر انحصار نہیں کر سکتے ،ہمیںآئندہ کی جارحیت کو روکنے کے لیے تیاری کرنی ہوگی اور اس کا آغاز اندرونی مضبوطی اور بامعنی اصلاحات سے کرنا ہوگا ،ہمیں قرضوں کی دلدل سے باہر نکل کر خود انحصار ی کی منزل کی جانب پیشرفت کرنا ہو گی جو معیشت کی مضبوطی کے بغیر ممکن نہیں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن جماعتیںسیاسی تنازعات کا حل نکالیں،معیشت کی حقیقی ترقی کے لئے حقیقی اقدامات کا آغاز کرنا چاہیے ۔