Live Updates

آزاد کشمیر کے ترقیاتی فنڈز 70 سالہ دھوکہ ہیں، سید اسماعیل شاہ

دہائیوں سے لوٹ مارمیں مصروف جعلی نمائندوں کا یوم احتساب قریب ہے

بدھ 28 مئی 2025 16:39

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2025ء) امیدوار قانون ساز اسمبلی ویلی 04 سید اسماعیل حسین شاہ نے یوم تکبیر کے موقع پر اپنے ایک خصوصی بیان میں کہا ہے کہ مہاجرین جموں کشمیر مقیم پاکستان کے نام پر دہائیوں سے جعلی دستاویزات پر مہاجر بن کر اسمبلی آنے والے وائٹ کالر کریمنلز مہاجرین جموں کشمیر کے خیرخواہ نہیں۔ان کا کہنا تھاکہ دہائیوں سے لوٹ مارکرپشن میں مصروف جعلی نمائندوں کا یوم احتساب قریب ہے۔

مہاجر سیٹوں کے نام کی کوئی چیز آئین میں نہیں یہ 12 سیٹیں جموں و کشمیر کے ڈیڑھ کروڑ عوام کی سیمبولک نمائندگی کیلئے ہیں۔ ان کے انتخاب مخصوص نشستوں کی طرز پر ہونا چاہئے۔سید اسماعیل حسین شاہ نے کہا کہ آزاد کشمیر کے ترقیاتی فنڈز 70 سالہ دھوکہ ہیں، مہاجرین کے ساتھ سب سے بڑا فریب ہیں،آزاد جموں و کشمیر میں 2021 سے 2024 تک مختلف حلقوں میں اربوں روپے کے ترقیاتی فنڈز جاری ہوئے، مگر نتیجہ صرف کرپشن، اقربا پروری اور عوام کے ساتھ دھوکہ رہا۔

(جاری ہے)

سید اسماعیل حسین شاہ کا کہنا تھاکہ حلقہ 40 عامر غفار لون کو 56 کروڑ 44 لاکھ روپے ملے، لیکن کاموں میں شفافیت ندارد۔حلقہ 41 غلام محی الدین دیوان نے 41 کروڑ روپے خرچ کیے، مگر سڑکیں اور نکاسی ابتر رہی۔حلقہ 42 عاصم شریف بٹ کو 52 کروڑ 80 لاکھ روپے ملے، جن کا بڑا حصہ ایک ہی خاندان کی جیب میں گیا۔حلقہ 44 مہاجر نشست پر 8 کروڑ روپیصرف کنوؤں پر لگے، جبکہ مہاجرین 70 سال سے خیموں میں زندگی گزار رہے ہیں۔

سید اسماعیل حسین شاہ نے کہا کہ اسی طرح حلقہ 45 میں‘‘بورنگ’’منصوبوں کو دہرا کر عوام کو بیوقوف بنایا گیا۔مہاجرین کے ساتھ 70 سال کا سب سے بڑا فریب یہ ہے کہ ان کے نام پر اربوں روپے لیے گئے، مگر نہ ان کے گھر بنے، نہ حقوق ملے۔ آج بھی وہ بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، جبکہ وزراء لگژری گاڑیوں اور محل نما گھروں میں رہتے ہیں۔سید اسماعیل حسین شاہ کا کہنا تھاکہ یہ نمائندے نہیں لٹیرے ہیں، جو مہاجر نشستوں کو صرف حکومتیں گرانے اور کرپشن کرنے کا ذریعہ بنائے بیٹھے ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ اسٹیبلشمنٹ فوری ایکشن لے، مکمل آڈٹ ہو، اور ان لٹیروں کو انجام تک پہنچایا جائے۔یوم تکبیر جا اصل مقصد تب ہی پورا ہو گا۔صرف جھنڈے بلند جگہوں پر لگا کر گالم گلوچ کے کلچر کو پروان چڑھانے سے کچھ حاصل نہیں ہو گا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات