Live Updates

شیلٹرزاورٹینٹوں میں رہائش پذیر مہاجرین خاندان کسمپرسی کا شکار

آباد کاری کے لیے دی گئی پہلی پانچ لاکھ کی قسط تباہ حالی کا شکار ہونے لگی

بدھ 28 مئی 2025 16:39

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2025ء) مہاجرین89 /1990 کہ 750 خاندانوں کی آباد کاری کے لیے دی گئی پہلی پانچ لاکھ کی قسط تباہ حالی کا شکار ہونے لگی۔ دوسری قسط کا اجراء نہ ہونے کی وجہ سے پہلی قسط سے کیا گیا تعمیراتی کام بارشوں کی وجہ سے تباہ و برباد ہو گیا۔ دوسری جانب 950 خاندانوں کے لیے 1500 ماہانہ گزارا الاؤنس کے لیے کیا گیا اعلان اونٹ کے منہ میں زیرے کے برابر قرار دیا جانے لگا۔

ڈویژن مظفرآباد سمیت ریاست کے مختلف علاقوں میں شیلٹرز اور ٹینٹوں میں رہائش پذیر مہاجرین خاندان کسمپرسی کا شکار ہو کر رہ گئے۔ مہاجرین کا کہنا ہے کہ چھ سال بعد گزارا الاؤنس میں 1500 کا اضافہ اونٹ کے منہ میں زیرہ کے برابر ہے مگر پھر بھی نہ ہونے سے بہتر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آباد کاری کے لیے شروع کردہ پراجیکٹ میں 750 گھر شامل تھے، جن کو پہلی قسط پانچ لاکھ روپے ملی، جس سے انہوں نے اپنے سر چھپانے کا ابتدائی کام شروع تو کروا دیا مگر دوسری قسط مبلغ سات لاکھ پچاس ہزار ابھی تک نہیں مل سکا، جس کی وجہ سے پہلی قسط سے تعمیر کردہ کام بھی شدید بارشوں کی نظر ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری قسط کا اجراء نہ ہونا سراسر مہاجرین کے ساتھ نا انصافی اور ظلم ہے اور ساتھ ہی ساتھ ریاستی خزانے کا کھلواڑ بھی۔ انہوں نے وزیراعظم پاکستان سمیت وزیراعظم آزاد کشمیر و دیگر ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ مہاجرین جموں و کشمیر کو فوری طور پر دوسری قسط 7 لاکھ 50 ہزار روپیہ کا اجراء کیا جائے تاکہ مجبور و بے کس خاندان اپنے سر چھپا سکیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات