Live Updates

رہنما پاکستان پیپلز پارٹی شرمیلا فاروقی کا یوم تکبیر پر قومی یکجہتی، مکالمہ پر زور

بدھ 28 مئی 2025 16:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2025ء) رہنما پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی)شرمیلا فاروقی قوم کو یوم تکبیر کی مبارکباد دیتے ہوئے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر درپیش چیلنجوں پر قابو پانے کے لیے جمہوری اصولوں، قومی اتحاد اور تعمیری بات چیت کی اہمیت پر زور دیا۔شرمیلا فاروقی نے یوم تکبیر کے موقع پر اپنے خصوصی انٹرویو میں قومی یکجہتی اور مکالمے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اختلافات کو پس پشت ڈال کر مشترکہ مقاصد کے حصول کیلئے مل کر کام کرنے سے پاکستان اپنے چیلنجز پر قابو پا کر ایک مضبوط مستقبل کا خواب حاصل کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنے مادر وطن کو کسی بھی اندرونی یا بیرونی خطرے سے بچانے کے لیے اپنی مسلح افواج کے ساتھ متحد ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مسلح افواج اور ماضی کے ہیروز سے بھی اظہار تشکر کیا جنہوں نے عزم اور بہادری سے ملک کی حفاظت کو یقینی بنایا۔خیبر پختونخوا میں پی پی پی اور پی ٹی آئی کے تصادم کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں شرمیلا فاروقی نے علی امین گنڈا پور کے اقدامات بالخصوص خیبر پختونخوا میں پرامن احتجاج میں حصہ لینے والے افراد کے خلاف اٹھائے گئے اقدامات کی شدید مذمت کی۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ لوگوں کے پرامن اجتماع اور احتجاج کے حق کو محدود کرنا ناقابل قبول ہے اور یہ جمہوری اصولوں کے خلاف بھی ہے۔ پی پی پی رہنما نے عوام کی حقیقی شکایات کے ازالہ کے اقدامات کے فقدان پر تشویش کا اظہار کیا جس کی وجہ سے اکثر ایسے احتجاج ہوتے ہیں۔ انہوں نے شہریوں کے حقوق کا احترام کرنے اور مسائل کے حل کے لیے تعمیری بات چیت میں شامل ہونے کی اہمیت کا اعادہ بھی کیا۔ شرمیلا فاروقی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی جمہوریت کی طاقت اور اپنے شہداء کی قربانیوں پر یقین رکھتی ہے۔ ہم پی ٹی آئی پر زور دیتے ہیں کہ وہ سیاسی پختگی کا مظاہرہ کرے اور قوم کی عظیم تر بھلائی کے لیئے اتحاد اور عوامی مفاد کو ترجیح دے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات