28 مئی کا دن پاکستان کے دفاعی خودمختاری اور قومی وقار کی علامت ہے،وزیراعلیٰ سندھ

بدھ 28 مئی 2025 17:05

28 مئی کا دن پاکستان کے دفاعی خودمختاری اور قومی وقار کی علامت ہے،وزیراعلیٰ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2025ء)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے یومِ تکبیر کے موقع پر اپنے پیغام میں پوری قوم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 28 مئی کا دن پاکستان کے دفاعی خودمختاری اور قومی وقار کی علامت ہے۔ یہ وہ دن ہے جب 1998 میں پاکستان نے کامیاب ایٹمی تجربات کر کے دنیا کو بتا دیا کہ ہم اپنے دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

وزیراعلی سندھ نے کہا کہ یومِ تکبیر قومی عزم، ہمارے سائنسدانوں کی انتھک محنت اور قیادت کے دور اندیش فیصلوں کی عکاسی کرتا ہے۔ سید مراد علی شاہ نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے 1974 میں بھارت کے ایٹمی تجربات کے بعد پاکستان کے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی اور کہا کہ "ہم گھاس کھا لیں گے، مگر ایٹم بم ضرور بنائیں گی"۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے نہ صرف ایٹمی پروگرام کو تقویت دی بلکہ بیلسٹک میزائل پروگرام جیسے اہم اقدامات کے ذریعے پاکستان کے دفاع کو مزید مستحکم کیا۔ ان کی قیادت نے ملک کو آنے والے خطرات کے لیے تیار کیا۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ پاکستان کے ایٹمی تجربات محض تکنیکی کامیابی نہیں تھے بلکہ یہ ہماری خودمختاری، قومی وقار اور دشمن کو منہ توڑ پیغام تھے۔ آج ہمیں اپنے ان عظیم قائدین کی قربانیوں اور حب الوطنی کو سلام پیش کرنا چاہیے۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ ہم آج یہ عہد کرتے ہیں کہ اپنے شہدا اور قائدین کے خواب کو حقیقت کا روپ دیں گے اور پاکستان کو ایک مضبوط، خوشحال اور خودمختار ریاست بنائیں گے۔