اسلام آباد ،ڈاکوؤں کی فائرنگ سے پولیس افسر شہید، ساتھی اہلکار زخمی

بدھ 28 مئی 2025 17:22

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2025ء)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) سدھیر احمد عباسی شہید، ساتھی کانسٹیبل جعفر جہانگیر زخمی ہوگیا، پولیس کی جانب سے ملزمان کی گرفتاری کے لیے ضلع بھر میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ فیض آباد میٹرو اسٹیشن کے قریب اس وقت پیش آیا، جب سی آئی اے اسلام آباد پولیس کی ٹیم ملزمان کی گرفتاری کے لیے ان کا پیچھا کر رہی تھی۔

(جاری ہے)

ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق ملزمان نے پولیس ٹیم پر اندھا دھند فائرنگ کی، پولیس حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ جلد ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔علاوہ ازیں اسلام آباد میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے اے ایس آئی سدھیر احمد عباسی کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔نماز جنازہ پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں ادا کی گئی جس کے بعد شہید کو سلامی دی گئی، شہید اے ایس آئی سدھیر عباسی کی تدفین ان کے آبائی گاؤں ٹھلہ ایبٹ آباد میں کی گئی ۔نماز جنازہ میں اعلیٰ پولیس افسران، ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) اسلام آباد اور ضلعی انتظامیہ کے افسران و جوانوں نے شرکت کی۔