ایبٹ آباد میں مسلم لیگ (ن )کے زیراہتمام یوم تکبیر کے حوالہ سے تقریب کا انعقاد

بدھ 28 مئی 2025 17:41

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2025ء) ایبٹ آباد میں مسلم لیگ (ن )کے زیراہتمام یوم تکبیر کے حوالہ سے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب کی صدارت سابق صوبائی وزیر ایوب خان آفریدی نے کی ۔تقریب میں سابق چیئرمین بلدیہ ملک پرویز ،مسلم لیگ( ن) کے رہنما سردار عبدالرشید ،محمد خان سواتی ،یوتھ ونگ ایبٹ آباد کے صدر ملک وقار اعوان ،وکلاء ونگ کے سردار سجاد ایڈووکیٹ ،ملک ربنواز ،سابق ممبر ضلع کونسل قاضی عابد سہراب ،ملک آصف اعوان سمیت پارٹی کے سینکڑوں کارکنان نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور کیک بھی کاٹا۔

اس موقع پر سابق صوبائی وزیر ایوب خان آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے کے لئے میاں نواز شریف کی ولولہ انگیز قیادت اور جرات مند فیصلے کو بڑی اہمیت حاصل ہے۔

(جاری ہے)

ایٹم بم کے بانی سابق وزیر اعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کی پالیسی کو میاں نواز شریف نے آگے بڑھایااور محسن پاکستان ڈاکٹر عبد القدیر خان کی قربانیاں بھی اس میں شامل ہیں۔سابق صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ قائد مسلم لیگ( ن) کے دور حکومت میں بھارت کے پانچ دھماکوں کے مقابلے میں چھ دھماکوں سے جواب دیا تو دنیا چونک اٹھی تھی،اب 10 مئی کو بھارت کی جارحیت کا جواب دے کر پاکستان نے دنیا پر ثابت کیا وہ مسلم امہ کی بڑی قوت ہے۔تقریب کے اختتام پر یوم تکبیر کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا گیا ۔