۵پاکستان کا ایٹمی پروگرام ملکی سلامتی کا ضامن اور قوم کے عزم کا مظہر ہے ، حیدر آباد سٹی ویلفیئر آرگنائزیشن

بدھ 28 مئی 2025 21:20

Qحیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 مئی2025ء) حیدرآباد سٹی ویلفیئر آرگنائزیشن کے صدر اسلم خان دیسوالی نے یوم تکبیر پراپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام ملکی سلامتی کا ضامن اور قوم کے عزم کا مظہر ہے ،ڈاکٹر قدیر خان و ٹیم کی خدمات کو تاحیات بھلایا نہیں جاسکتا،28مئی1998ء کو چاغی میں کامیاب ایٹمی تجربات سے پاکستان عالم اسلام کی پہلی اور دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت بنا، یوم تکبیر کا دن ہماری قومی تاریخ کا وہ یادگار لمحہ ہے جب پاکستان نے دنیا پر یہ واضح کر دیا کہ وہ اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

یہ دن ہمیں ان تمام سائنسدانوں، انجینئرز، تکنیکی ماہرین اور فوجی قیادت کی لازوال قربانیوں اور بے مثال محنت کی یاد دلاتا ہے، جنہوں نے اس عظیم مقصد کے حصول کے لیے دن رات کام کیا،آج ہم بحیثیت پاکستانی قوم اس بات پر فخر محسوس کرتے ہیں کہ ہمارے دفاع کو ڈاکٹر قدیر خان و ٹیم نے ناقابل تسخیر بنا دیا گیا جس کی مثال حالیہ بھارت کے بزدلانہ حملے کا جواب ہے ،ایٹمی صلاحیت نے نہ صرف ملک کی جغرافیائی سرحدوں کو محفوظ بنایا ہے بلکہ ایک پرعزم اور خود انحصار قوم کے طور پر ہماری شناخت کو بھی مضبوط کیا ہے۔

(جاری ہے)

یہ ایٹمی طاقت خطے میں استحکام کی علامت ہے اور دشمن کے کسی بھی مذموم عزائم کا بھرپور جواب دینے کی ہماری صلاحیت کا ثبوت ہے،اس پروگرام کے بانیوں اور اسے پایہ تکمیل تک پہنچانے والی قیادت ڈاکٹر قدیر خان و ٹیم کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،اللہ پاک ڈاکٹر قدیر خان کو جنت الفردوس میں اعلی سے اعلی مقام عطا فرمائے۔