خیبر پختونخوا میں آندھی اور طوفانی بارش، 2 افراد جاں بحق

بیشتر اضلاع میں تیز آندھی، موسلادھار بارش اور ژالہ باری سے فصلوں اور پھل دار باغات بری طرح متاثر ہوئے

بدھ 28 مئی 2025 22:00

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2025ء)خیبر پختونخوا میں گزشتہ روز آندھی اور طوفانی بارش کے باعث صوابی اور نوشہرہ میں مختلف واقعات کے دوران 2 افراد جاں بحق اور 63 زخمی ہوگئے۔صوبے کے مختلف اضلاع میں چھتیں، دیواریں، سائن بورڈز، درخت اور کھمبے گرنے کے واقعات پیش ا?ئے۔ سڑکیں تالاب بنی رہیں جبکہ بجلی کے 113 فیڈرز ٹرپ کر گئے۔

بیشتر اضلاع میں تیز آندھی، موسلادھار بارش اور ڑالہ باری سے فصلوں اور پھل دار باغات بری طرح متاثر ہوئے۔پی ڈی ایم کی طرف سے جاری کردہ رپورٹ میں 27 مئی 2025 کو خیبر پختونخوا کے بالائی اور وسطی علاقوں میں شدید بارش، آندھی اور ڑالہ باری کی پیشگوئی کی گئی تھی۔تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور پیشگی اقدامات اٹھانے کے لیے مراسلہ جاری کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز تیز آندھی، بارش اور ڑالہ باری سے پشاور، مردان، خیبر، صوابی، سوات، ایبٹ آباد، ہری پور اور دیگر بالائی علاقے متاثر ہوئے۔حیات آباد پشاور میں گھروں پر لگے سولر پینلز اکھڑ گئے، حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس کی فائبر شیٹ کی لگی چھت لوہے کے فریم سمیت زمین بوس ہوگئی۔گزشتہ روز اسپورٹس کمپلیکس کے ساتھ سائن بورڈ گرنے سے دو ٹیکسی بھی تباہ ہو گئیں، تاہم گاڑیاں خالی ہونے کی وجہ سے جانی نقصان نہیں ہوا۔دوسری جانب، صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم جزوی ابر آلود اور گرم رہنے کا امکان ہے تاہم چترال، دیر، کوہستان، شانگلہ، سوات، بونیر، مالاکنڈ، کرم، اورکزئی، شمالی وزیرستان اور مانسہرہ میں بعض مقامات پر گرچ چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔