Live Updates

حکومت کو بجٹ میں ملک سے غربت ، ناخواندگی کے خاتمے کیلئے نہایت دلیرانہ عوام دوست فیصلے کرنا ہونگے،سینیٹر محمد عبدالقادر

بدھ 28 مئی 2025 23:05

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2025ء) چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ حکومت کو نئے قومی بجٹ 2025-26 میں ملک سے غربت اور ناخواندگی کے خاتمے کیلئے نہایت دلیرانہ فیصلے کرنا ہونگے اس وقت ملک میں دو کروڑ ساٹھ لاکھ سے زائد بچے ابتدائی تعلیم کی نعمت سے محروم ہیں اور حکومت کی توجہ چاہتے ہیں پاکستان اس وقت تک حقیقی معنوں میں ترقی نہیں کر سکتا جب تک ملک کے ہر بچے کو تعلیم کی فراہمی یقینی نہ بنا لی جائے گزشتہ سالوں کے دوران بے انتہا مہنگائی اور روپے کی قدر میں کمی کے باعث غربت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے عوام کی مالی حالت حکومت کی توجہ کی طالب ہے نئے سالانہ بجٹ کیلئے لگے بندھے طریقوں سے ہٹ کر ایسے اقدامات پر عمل کیا جائے جن سے ملکی ترقی اور عوامی حالت میں بہتری کی کاوشیں جلد موثر نتائج دیتی محسوس ہوں۔

(جاری ہے)

یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار محمد عبدالقادر نے کہاکہ گزشتہ برسوں کے دوران وطن عزیز معیشت کے سنگین بحران سے گزرا مشکل معاشی حالات سے نکلنے کیلئے مشکل فیصلے کئے جائیں تاکہ ترقی کا سفر طے کرنے اور محصولات کا ہدف حاصل کرنے میں کامیابی حاصل ہوملکی ترقی کے لئے ہر اس فرد کو ٹیکس ادا کرنا ہوگا جو ٹیکس دینے کی اہلیت رکھتا ہے۔

دنیا بھر میں ٹیکسوں کی ادائی کو خاص اہمیت حاصل ہے اور ٹیکس گریزی کی کوشش سنگین جرم کے طور پر دیکھی جاتی ہے۔ کئی ممالک پاکستان سے چھوٹے ہیں مگر خواندگی کی شرح میں اضافے اور ٹیکس ادائیگی کے رجحان اور ٹیکس وصولی و خرچ کے نظام کی اصابت نے انکی خوشحالی و ترقی میں موثر کردار ادا کیا ہے حکومت کو ملک سے غربت کے خاتمہ کیلئے عوامی فلاحی منصوبوں پر کام شروع کرنا ہوگا پاکستان سے غربت کا خاتمہ اس وقت تک ممکن نہیں جب تک پاکستان ایک فلاحی ریاست نہیں بن جاتا،ہمسایہ ملک چین عوام دوست پالیسیوں کو اپناتے ہوئے ملک سے ناخواندگی اور غربت ختم کرنے میں کامیاب ہوا ہے، غربت اور ناخواندگی کے خاتمے کیلئے ہمیں چین کے کامیاب ماڈل سے استفادہ کرنا چاہیے۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات