Live Updates

تحریک انصاف پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ کو عہدے سے ہٹا دیا گیا

پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے عالیہ حمزہ کی جگہ پنجاب میں پارٹی کے تنظیمی امور کی نگرانی کیلئے چار رکنی کمیٹی تشکیل دیدی

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 29 مئی 2025 14:22

تحریک انصاف پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ کو عہدے سے ہٹا دیا گیا
 اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29 مئی 2025)پاکستان تحریک انصاف پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ کو عہدے سے ہٹا دیا گیا، پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے عالیہ حمزہ کی جگہ پنجاب میں پارٹی کے تنظیمی امور کی نگرانی کیلئے چار رکنی کمیٹی تشکیل دیدی،میڈیا رپورٹس کے مطابق پی ٹی آئی پنجاب کے اندر بڑھتے ہوئے اندرونی اختلافات کے باعث پنجاب کی قیادت ایک بار پھر تبدیل کی گئی ہے۔

چار رکنی کمیٹی میں پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ ،اپوزیشن لیڈرقومی اسمبلی عمر ایوب ،پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈراحمد خان بھچر اور میاں اکرم عثمان کوشامل کیاگیا ہے۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے متعدد رہنماوں اور اراکین پنجاب اسمبلی نے بھی پی ٹی آئی لاہور کے صدر شیخ امتیاز کی قیادت پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی کے چیئرمین بیرسٹرگوہر اورسیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کو خط لکھ دیا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اس سے قبل جنوری 2025ءکو عالیہ حمزہ کو پی ٹی آئی پنجاب کا چیف آرگنائزر مقرر کر دیا گیا تھا۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر چیئرمین بیرسٹر گوہر نے عالیہ حمزہ ملک کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا تھا۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا ہ علی امین گنڈاپور سے صدر پی ٹی آئی خیبرپختونخواہ کا عہدہ واپس لے کر ان کی جگہ جنید اکبر کو صدر مقرر کیا گیا تھا۔

اس فیصلے کی تصدیق پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ نے راولپنڈی میں میڈیا بریفنگ کے دوران کی تھی۔سلمان اکرم راجہ نے کہا تھاکہ علی امین گنڈا پور کی اس کردار سے علیحدگی رضاکارانہ تھی جس سے وہ صوبے میں امن و امان کے مسائل سمیت اہم چیلنجوں کے درمیان بطور وزیر اعلیٰ اپنی ذمہ داریوںپر توجہ مرکوز کر سکتے تھے۔بتایا گیا تھا کہ عالیہ حمزہ 9 مئی 2023 کے واقعات میں ملوث ہونے پر وہ ایک سال سے زیادہ عرصہ تک جیل میں قید رہی تھیں۔بعدازاں مبصرین کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی تشکیل نو کا یہ عمل جاری رہے گا اور اہم عہدوں پر مزید تبدیلیاں دیکھنے کو ملیں گی جیسے کہ صوبائی لیول پر چند تبدیلیاں ہوئیں۔ امکان ہے کہ مرکزی سطح پر بھی تبدیلیاں کی جائیں گی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات