پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے پنجاب میں لائسنسنگ سسٹم کا باضابطہ آغاز کر دیا

جمعرات 29 مئی 2025 17:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2025ء) پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم اینڈ ڈی سی) نے پہلی بار پنجاب میں لائسنسنگ سسٹم کا باضابطہ طور پر آغاز کر دیا ہے جو کہ میڈیکل اور ڈینٹل گریجویٹس اور پریکٹیشنرز کی سہولت کے لیے ایک اہم قدم ہے۔ یہ نظام پی ایم اینڈ ڈی سی کے لاہور ریجنل آفس واقع شیخ زاید میڈیکل کمپلیکس لاہور میں متعارف کروایا گیا ہے۔

یہ ڈیجیٹل اقدام نئے فارغ التحصیل اور تمام میڈیکل اور ڈینٹل پروفیشنلز و سپیشلسٹس کے لیے رجسٹریشن کے عمل کو آسان اور تیز تر بنانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے تاکہ وہ اپنی رجسٹریشن تیزی اور محفوظ طریقے سے مکمل کر سکیں۔ یہ نظام شفافیت، کارکردگی اور رسائی کو بہتر بناتا ہے، روایتی رکاوٹوں کو ختم کرتا ہے اوررجسٹریشن کے وقت کو نمایاں طور پر کم کرتا ہے۔

(جاری ہے)

اس اقدام کا سب سے نمایاں فائدہ یہ ہے کہ پنجاب کے میڈیکل اور ڈینٹل پریکٹیشنرز کو اب رجسٹریشن سے متعلق مسائل کے حل کے لیے اسلام آباد ہیڈ آفس جانے کی ضرورت نہیں ہوگی جس سے ان کا قیمتی وقت اور توانائی بچے گی۔مزید برآں وہ ڈاکٹرز جو آن لائن پورٹل کے ذریعے درخواست فارم بھرنے میں دشواری کا سامنا کر رہے ہوں، انہیں لاہور ریجنل سینٹر میں موجود عملہ مکمل رہنمائی اور معاونت فراہم کرے گا۔

اب تمام رجسٹریشن سروسز پی ایم اینڈ ڈی سی لاہور ریجنل آفس میں دستیاب ہوں گی۔ ان سروسز میں شامل ہیں: مکمل رجسٹریشن، لائسنس کی تجدید، گڈ سٹینڈنگ سرٹیفکیٹس کا اجرا ء، ڈپلیکیٹ سرٹیفکیٹس، رجسٹریشن ڈیٹا میں کسی قسم کی تبدیلی تاہم تدریسی اسناد اور عملی تجربے سے متعلق معاملات لاہور ریجنل آفس میں انجام نہیں دیئے جائیں گے۔لاہور آفس آن لائن درخواستوں کی پراسیسنگ اور متعلقہ سوالات کے حل میں بھی مکمل معاونت فراہم کرے گا۔

اصل سرٹیفکیٹس ٹی سی ایس کورئیر سروس کے ذریعے پریکٹیشنرز کو بھیجے جائیں گے جبکہ سہولت کے لیے متعلقہ سرٹیفکیٹ کی کاپی لاہور آفس سے حاصل کی جا سکتی ہے۔صدر پی ایم اینڈ ڈی سی پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج نے اس پیش رفت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ پی ایم اینڈ ڈی سی کے ریجنل دفاتر کے ذریعے لائسنسنگ کے عمل کو تیز کرنے کی جانب ایک تاریخی قدم ہے۔

اس اقدام کے ذریعے ہم اپنے ڈاکٹرز کو بغیر کسی غیر ضروری تاخیر کے اپنے پیشہ ورانہ سفر کا آغاز کرنے میں مدد دے رہے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پہلا مرحلہ لاہور میں پنجاب کے پریکٹیشنرز کے لیے شروع کیا گیا ہے اور یہ نظام جلد ہی ملک بھر میں توسیع پائے گا۔ دوسرا مرحلہ پشاور اور کراچی میں، تیسرا مرحلہ جامشورو اور بلوچستان میں ،چوتھا مرحلہ ملتان میں شروع کیا جائے گا۔درخواست دہندگان اب پی ایم اینڈ ڈی سی لاہور ریجنل آفس کا دورہ کر کے رجسٹریشن سروسز سے متعلق درخواستوں کی پراسیسنگ اور سوالات کے حل کے لیے معاونت حاصل کر سکتے ہیں۔