پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھنے کی اب کسی میں جرات نہیں، مفتی محمد فیض القادری

جمعرات 29 مئی 2025 18:11

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2025ء) جماعت غوثیہ اہلِ سنت انٹرنیشنل کے امیر اور مہتمم جامعہ غوثیہ طفیلیہ، کہکشاں سوسائٹی، عظیم پورہ، شاہ فیصل کالونی، مفتی محمد فیض القادری نے کہا ہے کہ پاکستان کا ایٹمی طاقت بننا صرف ایک عسکری کامیابی نہیں، بلکہ یہ اس بات کا اعلان ہے کہ اب کوئی دشمن پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کر سکتا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا دفاع آج اتنا مضبوط ہے کہ دشمن کو سو بار سوچنا پڑے گا۔ یہ کامیابی ان تمام محب وطن شخصیات، سائنسدانوں، افواجِ پاکستان اور اس وقت کی سیاسی قیادت کا نتیجہ ہے جنہوں نے قومی مفاد کو ذاتی مفاد پر مقدم رکھتے ہوئے ملک کو ناقابلِ تسخیر بنایا۔مفتی فیض القادری نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خانؒ اور ان جیسے محب وطن سائنسدانوں نے جس جرات، خلوص اور جذبے سے پاکستان کے لیے خدمات سرانجام دیں، وہ رہتی دنیا تک یاد رکھی جائیں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی افواج پر فخر ہے جنہوں نے ہر دور میں ملکی سلامتی، ایٹمی اثاثوں کی حفاظت اور سرحدوں کے دفاع کے لیے مثالی کردار ادا کیا۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام صرف جنگی طاقت نہیں بلکہ قوم کی خودداری، غیرت، اور استقلال کی علامت ہے۔ اس نے دشمن کو واضح پیغام دیا کہ ہم ایک زندہ، بیدار، اور غیرت مند قوم ہیں، جو کسی بھی بیرونی دباؤ یا جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا جانتی ہے۔

مفتی صاحب نے کہا کہ اب ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اس دفاعی طاقت کے ساتھ ساتھ ملک کو معاشی، تعلیمی، اخلاقی اور سائنسی میدانوں میں بھی دنیا کے لیے ایک مثال بنائیں۔ ''ایٹمی طاقت کے بعد ہمیں ایک اخلاقی اور فکری طاقت بننے کی ضرورت ہے تاکہ دنیا ہمیں نہ صرف خوف کی نگاہ سے بلکہ عزت کی نگاہ سے دیکھے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو چاہیے کہ وہ تاریخ سے سبق سیکھے، قومی اتحاد کو مضبوط کرے اور ہر میدان میں پاکستان کی سربلندی کے لیے خود کو تیار کرے۔ ''یہ وطن ہم سب کی ذمہ داری ہے، اور ہم سب کو مل کر اسے ایک مثالی اسلامی، فلاحی اور خوددار ریاست بنانا ہوگا۔