Live Updates

عید قربان کی آمد سے قبل ہی مہنگائی کا جن بے قابو ہو چکا ہے‘جاوید قصوری

ذخیرہ اندوزوں ،ناجائز منافع خوروں کے خلاف کارروائی اورعام آدمی کو ریلیف فراہم کیا جائے

جمعرات 29 مئی 2025 18:44

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2025ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ عید قربان کی آمد سے قبل ہی مہنگائی کا جن بے قابو ہو چکا ہے، جس کی وجہ سے عام شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں، پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پسنے والے غریب عوام کے لیے روزمرہ کی اشیائے ضروریہ خریدنا مزید دشوار ہو گیا ہے، کھانے پینے کی اشیا ء کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ ہو گیا ہے، آٹا، چینی، گھی، دالیں، سبزیاں اور پھل سب مہنگے ہو چکے ہیں جبکہ انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، مجرمانہ غفلت اور چیک اینڈ بیلنس قائم رکھنے میں ناکامی حکومتی کارکردگی پر بڑا سوالیہ نشان ہے ، بد قسمتی سے پرائس کنٹرول کمیٹیاں غیر فعال دکھائی دیتی ہیں اور عوام کو خود مہنگے داموں اشیاء خریدنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ کتنے افسوس کی بات ہے کہ دیگر مسلم ممالک میں حکومتیں اس بات کو یقینی بناتی ہیں کہ عیدین اور دیگر اسلامی ایام کو مد نظر رکھتے ہوئے ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری نہ ہو۔ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں سخت قوانین نافذ کیے جاتے ہیں اور خلاف ورزی کرنے والوں پر بھاری جرمانے عائد کیے جاتے ہیں۔ ترکی اور ملائیشیا میں فلاحی منصوبے وسیع پیمانے پر متعارف کروائے جاتے ہیں، جہاں خوراک کی فراہمی کو یقینی بنایا جاتا ہے اور بنیادی اشیاء پر نمایاں رعایت دی جاتی ہے۔

یہاں تک کہ غیر مسلم ممالک میں بھی سپر مارکیٹوں میں خصوصی رعایتی مہمات چلائی جاتی ہیں تاکہ مسلمان کم قیمت میں ضروری اشیاء حاصل کر سکیں۔ محمد جاوید قصوری نے متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف فوری کارروائی کرتے ہوئے عام آدمی کو ریلیف فراہم کیا جائے۔حکومت فوری طور پر مہنگائی کے خلاف اقدامات کرے۔
Live عید الاضحیٰ سے متعلق تازہ ترین معلومات