Live Updates

وزیر اعلی پنجاب نے نواز شریف سینٹر آف ایکسی لینس فارارلی چائلڈ ہوڈ ایجوکیشن میں انرولمنٹ مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا

جمعرات 29 مئی 2025 20:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2025ء) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے پاکستان کے پہلے سٹیٹ آف آرٹ نواز شریف سینٹر آف ایکسی لینس فار ارلی چائلڈ ہوڈ ایجوکیشن میں انرولمنٹ مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا، سینٹر میں تمام نجی اداروں سے بہترین انتظامات، کلرفل کلاس روم، شاندار ماحول اور جدید طریقہ تعلیم متعارف کرایا گیا ہے۔ وزیر اعلی نے پری سکول بیل بجا کر سینٹر فار ایکسی لینس فارارلی چائلڈ ہوڈ ایجوکیشن کا باقاعدہ آغاز کیا، انرولمنٹ مہم میں صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کا کمسن بیٹا محمد یوسف سینٹرفار ارلی چائلڈ ہوڈ ایجوکیشن میں سب سے پہلے داخلہ لینے والوں میں شامل ہیں، وزیر تعلیم رانا سکندر حیات اپنے بچے کو سرکاری سکول میں داخل کرانے والے پہلے صوبائی وزیر بن گئے۔

(جاری ہے)

وزیراعلی مریم نواز نے نوازشریف سینٹر آف ایکسی لینس فار ارلی چائلڈ ہوڈ ایجوکیشن کی آفیشل یونیفارم کی رونمائی بھی کی، نواز شریف سینٹر آف ایکسی لینس فار ارلی چائلڈ ہوڈ ایجوکیشن کا دورہ کیا اور کمسن بچوں وان کے والدین سے بات چیت کی۔ والدین نے ارلی چائلڈ ہوڈ ایجوکیشن سینٹر بنانے پر وزیراعلی مریم نواز کو سراہا اور کہا کہ ارلی چائلڈ ہوڈ ایجوکیشن سینٹر جیسا ادارہ پاکستان میں نہیں، جہاں چھوٹے بچوں کو فری تعلیم ملے۔

وزیر اعلی نے والدین اور بچوں کے ساتھ بیٹھ کر تصاویر بنوائیں، ہر کلاس روم اور آرٹ اینڈ ڈرائنگ روم کا معائنہ کیا۔ وزیر اعلی مریم نواز نے جم اور سوئمنگ پول کا بھی جائزہ لیا اور جم و سوئمنگ پول کے ٹرینرز کو بچوں کی سیفٹی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلی نے ہر کلاس روم میں جاکر بچوں کو تحائف پیش کیے، ننھی بچی نے وزیر اعلی مریم نواز سے دو گفٹ لیے اور کہا کہ ایک میرے لیے اور ایک میرے بھائی کے لئے؟۔

وزیر اعلی مریم نواز نے بچوں کے ساتھ ملکر ٹریفک سگنل سائن کا سانگ بھی گایا اور کلاس روم میں جاکر بچوں کے ساتھ قالین پر بیٹھ گئیں۔ وزیر اعلی مریم نواز نے کمسن بچے سے اظہار شفقت کرتے ہوئے کہا کہ کتنے کیوٹ لگ رہے ہیں،وزیر اعلی نے بچوں سے ان کے نام اور عمر بھی دریافت کی۔ننھے مصطفی نے وزیر اعلی مریم نواز سے گپ شپ کرتے ہوئے پوچھا کہ کھانے میں کیا پسند ہے؟ ننھے نے کہاسالن اور دہی۔

وزیر اعلی مریم نواز نے ننھے بچے سے مکالمہ کیا کہ عینک سر پر کیوں پہنی ہے،آنکھوں پر لگائیں،ننھے بچے نے اپنا نام لکھ کر دکھایا تو وزیراعلی مریم نواز نے اسے شاباش دی اور پیار کیا، آپ وہی ہیں جن کی بڑی بڑی تصویر یں لگی ہیں،ننھی طالبہ نے وزیراعلی مریم نواز کو پہچان کر مسرت کا اظہار کیا۔ وزیر اعلی مریم نواز نے بچوں کے لئے واش روم کا جائزہ لیا اور صفائی برقرار رکھنے کا حکم دیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات