Live Updates

پاکستان مسلم لیگ (ن) حیدرآباد ڈویژن کے زیر اہتمام یومِ تکبیر کی پروقار تقریب کا انعقاد

جمعہ 30 مئی 2025 00:10

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2025ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) حیدرآباد ڈویژن کے زیراہتمام 28 مئی "یومِ تکبیر" کے موقع پر ایک پروقار تقریب پریس کلب حیدرآباد کے آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے کیا گیا، جس کے بعد نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کی گئی۔ تقریب کے آغاز اور اختتام پر قومی ترانہ پڑھا گیا جبکہ یومِ تکبیر کی مناسبت سے خصوصی کیک بھی کاٹا گیا۔

تقریب کے دوران ہال نعرۂ تکبیر اللہ اکبر، پاک فوج زندہ باد، پاکستان زندہ باد، نواز شریف زندہ باد اور ڈاکٹر عبدالقدیر خان زندہ باد جیسے نعروں سے گونجتا رہا۔ کارکنان ملی نغموں پر جھومتے رہے اور وطن سے اپنی محبت کا بھرپور اظہار کیا۔ تقریب میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ڈویژن صدر خالد عزیز آرائیں، ضلع جامشورو کے صدر عزیز راجپوت، نصیر میمن، سید علی رضا شاہ، رانا راشد حمید، فیصل اطہر راجپوت، عثمان قریشی، نوید شیخ، رفیق قریشی، ذوالفقار بروہی، نذیر راجپوت، لیاقت راجپوت، ندیم شیخ، اور عالم خاصخیلی سمیت دیگر رہنماؤں و کارکنان نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ 28 مئی 1998 کو اس وقت کے وزیرِاعظم میاں محمد نواز شریف نے بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں چھ ایٹمی دھماکے کرکے پاکستان کو دنیا کی پہلی اسلامی ایٹمی طاقت بنایا اور وطنِ عزیز کو ناقابلِ تسخیر بنا دیا۔ مقررین نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ شرکاء نے موجودہ وزیرِاعظم میاں شہباز شریف، آرمی چیف فیلڈ مارشل حافظ عاصم منیر، پاک فضائیہ کے شاہینوں اور پاک افواج کے جانبازوں کو وطن کی خدمت پر خراج عقیدت پیش کیا۔ اختتام پر شہداء پاکستان کے ایصالِ ثواب کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات