Live Updates

پہلگام حملہ مقبوضہ کشمیرمیں سیاحت کے لیے بڑا دھچکا ہے،میرواعظ

جمعہ 30 مئی 2025 13:33

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2025ء) کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ پہلگام حملہ بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر میں سیاحت کے لیے ایک دھچکا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میرواعظ عمرفاروق نے سرینگر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلگام فالس فلیگ آپریشن واقعی ایک دھچکا ہے لیکن ہمیں بحیثیت قوم ان چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے متحد ہونا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد مقبوضہ جموں و کشمیر میں حالات خراب ہو ئے ہیں۔ انہوں نے لوگوں سے کہاکہ امید ہے کہ حالات بہتر ہوں گے ۔کشمیر یو ں نے ماضی میں اس سے کہیں زیادہ خراب صورتحال دیکھی ہے۔ 1990 کی دہائی میں کرفیو تھا، مہینوں تک ایک ساتھ ہڑتالیں ہوتی تھیں، اب اس تناظر میں حالات بہت بہتر ہو گئے ہیں اور لوگوں کے لیے مواقع بڑھ گئے ہیں، اس لیے لوگوں کو امید نہیں ہارنی چاہیے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں سرینگر میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے میرواعظ عمر فاروق نیکشمیری نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ خود انحصاری، تعلیم اور ثقافتی تحفظ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے بااختیار بننے اور سماجی ترقی کے راستے کے طور پر انٹرپرینیورشپ کو اپنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں میں ہنر اور صلاحیت موجود ہے۔ انہیں سیاحت، باغبانی، دستکاری اور کاروبار جیسے شعبوں میں محنت اور دیانتداری کے ساتھ قدم رکھنا چاہیے۔

جدید ترقی اور اسلامی اقدار کے درمیان توازن قائم کرنے پر زور دیتے ہوئے میرواعظ نے زور دیا کہ معاشی یا سماجی ترقی کی طرف کوئی بھی قدم اخلاقی اصولوں پر مبنی ہونا چاہیے۔ "ہمارا مذہب ہمیں جائز حدود کے اندر کام کرنے کی رہنمائی کرتا ہے۔ ہماری اخلاقی اور ثقافتی شناخت پر سمجھوتہ کیے بغیر ترقی ہونی چاہیے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات