غزہ میں امداد کی تقسیم سانحے میں بدلنے کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ جاری

بھوک سے تنگ افراد نے جی ایچ ایف نامی امدادی مراکز پر لگی رکاوٹیں توڑیں، عرب ٹی وی

جمعہ 30 مئی 2025 13:40

غزہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مئی2025ء)عرب ٹی وی نے غزہ میں امداد کی تقسیم کا سانحے میں بدلنے کے حوالے سے ایک مفصل رپورٹ جاری کردی۔ میڈیارپورٹس کے مطابق غزہ میں اسرائیل امریکا کی سرپرستی میں امداد کی تقسیم شدید بدنظمی کا شکار ہے،بدھ کو اسرائیلی فوج نے بھوک پیاس سے بے حال فلسطینیوں پر فائرنگ کی تھی جس سے متعدد فلسطینی شہید ہوگئے۔

اس حوالے سے عرب ٹی وی نے ایک رپورٹ جاری کی ہے جس میں بتایا گیا کہ غزہ میں امداد کی تقسیم سانحے میں کیسے بدلی۔ویب سائٹ کے مطابق غزہ میں شدت اختیار کرنے والے غذائی بحران پر قابو پانے کے لیے اسرائیل اور امریکا کی حمایت یافتہ نئی تنظیم غزہ ہیومینیٹیرین فانڈیشن نے محدود امدادی مراکز قائم کیے۔ان مراکز تک پہنچنے کے لیے ہزاروں بھوکے فلسطینیوں کو شدید گرمی میں طویل فاصلہ طے کرنا پڑا۔

(جاری ہے)

بھوک سے تنگ افراد نے جی ایچ ایف نامی امدادی مراکز پر لگی رکاوٹیں توڑیں، جس کے بعد فائرنگ ہوئی اور بھوک سے مرتے کئی فلسطینیوں کو بندوق کی گولیاں کھا کر بھی مرنا پڑا ۔ اقوام متحدہ اور امدادی اداروں نے اسرائیل اور امریکا کی حمایت یافتہ نئی تنظیم امدادی تنظیمغزہ ہیومینیٹیرین فانڈیشن پر امداد کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے اور انسانی اصولوں کی خلاف ورزی کا الزام لگایا ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق غزہ میں93 فیصد آبادی شدید غذائی قلت کا شکار ہے۔